ایران میں سعودی سفارتخانہ پر حملہ، شیخ نمر کے بھائی کی تنقید

ریاض۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں سزائے موت پانے والے شیعہ عالم دین نمرالنمر کے بھائی شیخ محمد النمر نے اپنے بھائی کی سزائے موت پر عمل آوری کے بعد تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے پر حملہ کرنے کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ ہمیں اپنے ملک (سعودی عرب) سے محبت ہے۔ اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر انگریزی زبان میں تحریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے شہید بھائی کے تئیں جس محبت کا اظہار کیا گیا ہے وہ اس کی قدر کرتے ہیں جو ہم سب کے دل میں رہتا ہے۔ لیکن ایران میں سعودی سفارت خانے پر حملہ کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائی کبھی بھی مثبت نتائج کی حامل نہیں ہوسکتی۔ 56 سالہ نمر کو دیگر 46 افراد کے ساتھ جس میں اکثریت سنی مسلمانوں کی تھی، القاعدہ سے روابط کی پاداش میں سزائے موت دی گئی تھی۔ نمر کا جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے نہیں کیا گیا جس پر شیخ النمبر نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام نے انہیں مطلع کردیا تھا کہ نمر کی نعش دفن کی جاچکی ہے۔ انہوں نے سعودی حکام سے درخواست کی کہ ان کے بھائی کی نعش ورثاء کے حوالے کی جائے تاکہ ان کی تدفین ان کے آبائی وطن عوامیہ میں کی جائے۔