… اب سشما سوراج ملک کی امکانی نائب وزیراعظم

بھوپال 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک طرف نریندر مودی کو جہاں بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کرکے پارٹی پھولے نہیں سما رہی ہے وہیں دوسری طرف ایک ایسا بیان بھی جاری کیا گیا ہے جو یقینا سنسنی پیدا کرسکتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر سیاحت سریندر پٹوا نے عام انتخابات سے عین قبل کہا ہے کہ اگر مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آتی ہے تو اُس صورت میں سشما سوراج ملک کی نائب وزیراعظم ہوں گی۔ رائسن ڈسٹرکٹ کے باڑی نامی مقام پر وزیر موصوف نے یہ بیان دیا۔

اُس وقت سشما سوراج بھی وہاں موجود تھیں جو قائد اپوزیشن لوک سبھا ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ مسٹر پٹوا نے رائسن ڈسٹرکٹ کے عبیداللہ گنج میں ایک ریالی کے دوران ایسا ہی ایک اور بیان دیا تھا اور اُس وقت بھی سشما سوراج وہاں موجود تھیں اور عوام کی تالیوں سے محظوظ ہورہی تھیں۔ مسٹر پٹوا مدھیہ پردیش اسمبلی میں بھوجپور کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہ ودیشا پارلیمانی حلقہ کا ایک حصہ ہے جہاں سے سشما سوراج دوسری بار انتخابی میدان میں ہیں۔ پہلی بار اُنھوں نے 2009 ء میں اس حلقہ سے انتخابات لڑے تھے۔ سشما سوراج کو امکانی نائب وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر متعارف کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اُن کے ریمارکس صرف بی جے پی ورکرس کے احساسات کے آئینہ دار ہیں کیونک ہاس حلقہ کے پارٹی ورکرس نے ہی بڑے بڑے لیڈروں جیسے اٹل بہاری واجپائی اور شیوراج سنگھ چوہان کے انتخاب میں اہم رول ادا کیا تھا۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ سریندر پٹوا سابق وزیراعلیٰ سندر لال پٹوا کے فرزند ہیں اور شیوراج سنگھ چوہان کے قریبی رفیق سمجھے جاتے ہیں حالانکہ کچھ روز قبل امرتسر میں ایک ریالی کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے یہ مشورہ دیا تھا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی ملک کے آئندہ نائب وزیراعظم ہوسکتے ہیں لیکن راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ارون جیٹلی نے اس نظریہ یا مشورہ کو کوئی اہمیت نہیں دی تھی۔

بہار میں مودی ریالی سے قبل ماؤسٹوں کا موبائیل ٹاورس پر دھماکہ
گیا۔27 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ماؤ نوازوں نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کی آج دو انتخابی ریالیوں سے قبل ضلع گیا کے دو علاقوں میں دو موبائیل ٹاورس کے پاس طاقتور بم دھماکے کئے ہیں۔ ایس پی نشانت تیواری نے کہا کہ تقریباً 100 ماؤسٹ ان علاقوں میں کل رات دیر گئے جمع ہوئے اور پرائیویٹ کمپنی کے ٹاورس کو دھماکہ سے اُڑادیا۔