’’60 سال میں صرف گاندھی خاندان مضبوط ہوا‘‘

کلول (گجرات)۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی کی جانب سے اپنے شوہر رابرٹ وڈرا پر کی جانے والی سیاسی تنقیدوں کا انتہائی جواب دینے کے بعد بی جے پی وزارتِ عظمی امیدوار نریندر مودی نے جوابی ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 60 سال کے دوران صرف ان کا خاندان ہی مضبوط و مستحکم ہوتا رہا ہے۔ اب ایک مضبوط و مستحکم ملک کی تعمیر کا وقت آگیا ہے۔ گجرات کے ضلع گاندھی نگر میں واقع کلول ٹاؤن میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’’آپ یہی کہتے ہیں کہ ہم مضبوط ہوں گے۔

آپ کا (گاندھی خاندان) گزشتہ 60 سال سے مضبوط ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہم ملک کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ خود کو مضبوط بنائیں گے تو ہم (بی جے پی) ایک مضبوط ملک تعمیر کرسکے گی۔ ہمارے لئے عوام کی آواز سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے۔ نریندر مودی کا اشارہ پرینکا گاندھی کے اس بیان کی طرف تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن بی جے پی ان کے شوہر کی مبینہ غیرمحسوب اراضی معاملتوں کے لئے غلط تنقیدیں کررہی ہے۔ اس کے برعکس ایسی تنقیدوں سے ان کا (پرینکا) موقف مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب آپ ٹی وی دیکھتے ہیں تو آپ کو کیا دکھائی دیتا ہے۔

ان کے خاندان کے بارے میں اہانت آمیز اور ترش جملے۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر کے بارے میں بہت کچھ کہا جارہا ہے، اس پر انہیں کافی تکلیف ہورہی ہے۔ یہ تکلیف اس لئے ہورہی ہے کیونکہ کوئی شخص ان کی نہ صرف توہین کررہا ہے بلکہ اس لئے بھی تکلیف ہورہی ہے کہ سچائی کو پیش نہیں کیا جارہا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ جتنی زیادہ ان کی اہانت کی کوشش کی جائے گی، اتنا ہی زیادہ میرا عزم اور حوصلہ بڑھے گا۔ ایسی تنقیدوں سے مجھ میں مزید کام کا جذبہ بڑھے گا۔ پرینکا گاندھی نے کل رائے بریلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ ایسی تنقیدوں سے وہ کمزور نہیں ہوں گی بلکہ مزید مضبوط ہوں گی۔