’’ ممبئی بم دھماکوں میں آر ایس ایس کا رول خارج از امکان نہیں ‘‘

ڈگ وجئے سنگھ کا بیان ۔ دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے ثبوت کا ادعا۔ بی جے پی کی شدید تنقید
نئی دہلی۔ 16 جولائی (پی ٹی آئی ۔ یو این آئی) کانگریس کے جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آج ایک اور تنازعہ پیدا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممبئی بم دھماکوں میں آر ایس ایس کے ملوث ہونے کا امکان مسترد نہیں کرتے ۔ مسٹر سنگھ کے اس بیان پر بی جے پی نے شدید تنقید کرتے ہوئے مذمت کی ہے ۔ ملک میں مختلف انٹلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے حالانکہ ابھی تک ممبئی بم دھماکوں کی تحقیقات میں کوئی سراغ دستیاب نہیں کیا جاسکا ہے لیکن مسٹر سنگھ نے کہا کہ ان کے خیال میں ان بم دھماکوں میں آر ایس ایس کے ملوث رہنے کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ مسٹر سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی چیز کو خارج از امکان قرار نہیں دیتے ۔ اگر انہیں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں آر ایس ایس کے رول پر کسی ثبوت کی ضرورت ہے تو ان ( ڈگ وجئے سنگھ ) کے پاس ثبوت موجود ہیں ۔ تاہم یہ ثبوت ممبئی دھماکوں کے تعلق سے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو اس کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ اگر انہیں آر ایس ایس کے خلاف کوئی ثبوت درکار ہے تو ان کے پاس موجود ہے لیکن یہ ثبوت ممبئی دھماکوں کے تعلق سے نہیں ہے۔ اس دوران بی جے پی نے ممبئی دھماکوں میں ہندو تنظیموں کے رول سے متعلق ڈگ وجئے سنگھ کے بیان کی مذمت کی ہے اور صدر کانگریس سونیا گاندھی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ بی جے پی، ڈگ وجئے سنگھ کے اس بیان کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ساری قوم کو دہشت گردی کا خطرہ درپیش ہے اور عوام کو تسلی دینے کی ضرورت ہے، ڈگ وجئے سنگھ دہشت گردی اور نعشوں پر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسٹر سنگھ اس طرح کے بیانات کے ذریعہ تحقیقات کا رُخ موڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ ملک کے وزیر داخلہ اور تحقیقاتی ایجنسیاں تک یہ کہنے کے موقف میں نہیں ہیں کہ دھماکوں کے ذمہ دار کون ہیں۔ مسٹر سنگھ اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے ذرائع کیا انٹلیجنس ایجنسیوں سے افضل ہے؟ انہوں نے مسٹر سنگھ پر تقسیم پسندانہ سیاست کھیلنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلہ پر بھی سیاست کھیل رہے ہیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر مسٹر روی شنکر پرساد نے بھی کانگریس لیڈر پر اس طرح کے بیانات کے ذریعہ قوم کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے ۔ اسی دوران ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ممبئی بم دھماکوں میں آر ایس ایس کے ملوث ہونے کی بات ہی نہیں کہی۔ میں نے صرف اتنا کہا کہ کوئی بھی گروپ ان دھماکوں میں ملوث ہوسکتا ہے۔