’’ بہو دلاؤ، ووٹ پاؤ‘‘

جند ، ہریانہ ۔ 9 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ میں لوک سبھا انتخابات لڑنے والے کچھ امیدواروں کو ووٹرس کی جانب سے عجیب و غریب مطالبات کا سامنا ہے ۔ خصوصی طور پر ایسے حلقوں سے جہاں مرد و خواتین کی پیدائش کے تناسب میں زبردست فرق ہے ۔ ایسے ووٹرس کا مطالبہ ہے کہ ’’بہو دلاؤ ، ووٹ پاؤ‘‘۔ خصوصی طور پر اویواہٹ پروش سنگھٹن (غیر شادی شدہ مردوں کی تنظیم) کا یہ مطالبہ امدیوار سے کیا جارہا ہے ۔ اس سنگھٹن کا قیام موضع بی بی پور پنچایت کے سربراہ سنیل جگلان نے فروری میں کیا تھا تاکہ وہاں پائے جانے والے جنسی عدم توازن جیسے معاملہ کی یکسوئی کی جائے

جہاں لڑکیوں کو رحم مادر میں ہلاک کردینے کے واقعات ہوئے تھے ۔ دریں اثناء اویواہٹ پرش سنگھٹن وہاں دورے پر آنے والے امیدوار سے یہی مطالبہ کر رہی ہے لیکن اب تک اس کے ثمر آور نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ جگلان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی شرح پیدائش میں زبردست کمی ہوگئی، آگے چل کر بہت بڑا مسئلہ بن جائے گا جس کی قبل از وقت یکسوئی کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے مذکورہ بالا نعرے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ موضع کے تمام غیر شادی شدہ نوجوانوں کو بیک وقت بیویاں مل جائیں گی بلکہ اس نعرہ کے ذریعہ ہم ایک سنگین مسئلہ کی جانب انتخابی امیدواروں کی توجہ مبذول کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے سوائے دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار ووٹ مانگنے ہمارے گاؤں میں آرہے ہیں لیکن کسی نے بھی ہمارے مطالبہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے سیاسی جماعتیں سنگین مسائل میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔