’’کے سی آرمیرے ماموں ہی نہیں بلکہ والد جیسے ہیں‘‘

حیدرآباد۔/12نومبر، ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی و اُمور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر کے عہدہ پر کے سی آر کے بجائے ان کے فائز ہونے سے متعلق تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے مبینہ ریمارکس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اسمبلی میں واقع اپنے چیمبرس میں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کے دوران ہریش راؤ نے کہا کہ’’ کے سی آر نہ صرف میرے ماموں ہیں بلکہ وہ میرے والد جیسے ہیں جن کی بدولت میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔ سب سے بڑھ کر حقیقت تو یہ ہے کہ سیاست، اسمبلی کی رکنیت اور وزارت یہ سب کے سی آر کے رحم و کرم کے سوائے کچھ اور نہیں ہے۔ ‘‘ ہریش راؤ نے ریونت ریڈی کے ریمارک کی سخت مذمت کی اور یہ وارننگ دی کہ وہ مستقبل میں اس قسم کے نازیبا ریمارکس سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہریش راؤ، کے سی آر سے بہتر چیف منسٹر ثابت ہوسکتے ہیں اور ہریش راؤ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بہتر حکمرانی کیلئے کے سی آر کے بجائے خود چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوجائیں۔ اس اشتعال انگیز تبصرے پر ہریش راؤ نے سخت اعتراض کیا اور کہا کہ ریونت ریڈی کی پارٹی کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے نہ صرف تلگودیشم پارٹی کے بانی این ٹی راما راؤ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور اقتدار سے بیدخل کیا بلکہ ان ( این ٹی آر ) کی موت کا بھی سبب ہیں۔ ہریش راؤ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو اوچھی سیاست کیلئے کافی بدنام ہوچکے ہیں اور وہ اپنے مفادات کے پیش نظر جونیر این ٹی آر کو بھی سیاست سے دور رکھے ہیں جبکہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور ان کی ٹی آر ایس حکومت کی نیک نامی اور شہرت ہے اس لئے اپوزیشن جماعتیں محض حسد کے سبب ان پر بے بنیاد الزامات کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کو چاہیئے کہ وہ انہیں نشانہ بنانا ترک کردیں یا پھر سنگین عواقب کا سامنا کریں۔