’’کوہلی مجھ سے شادی کرلو‘‘ انگلش ویمنس کرکٹر کی پیشکش

لندن۔6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹرس اور بالی ووڈ اداکاراؤں کے درمیان تعلقات کے چرچے ہمیشہ سے عوام کی دلچسپیوں کا باعث رہے ہیں اور حالیہ عرصہ میں اس کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں، لیکن اب انگلینڈ کی کرکٹر Danielle Wyattنے ہندوستان کے اسٹار کھلاڑی ویراٹ کوہلی کو شادی کی پیشکش کی ہے۔ ڈینیل نے ویراٹ کوہلی کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر شادی کی پیشکش کی ہے۔ ڈینیل نے ٹوئٹر کیا کہ ’’کوہلی مجھ سے شادی کرلو‘‘۔

واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت گزشتہ روز ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اگرچہ ڈینیل کے ٹوئیٹ میں کوہلی کے نام کا املا قدرے مختلف تھا، لیکن ان کے ٹوئیٹ کے بعد کوہلی کے مداحوں نے انہیں بتایا کہ کوہلی بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما سے ڈیٹنگ کررہے ہیں۔ اس کے جواب میں ڈینیل نے کہا کہ نہیں کوہلی کسی سے ڈیٹ نہیں کررہے ہیں۔ اس جواب سے یہ گمان ہوتا ہے کہ ڈینیل ، کوہلی کے متعلق معلومات کم رکھتی ہیں۔ ڈینیل کے اس ٹوئیٹ پر ان کی ساتھی کرکٹر کیتھرین برٹ نے ان کی ٹانگ کھینچنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا : ’’ڈینیل تم نے دیر کردی، ویراٹ نے مجھے گزشتہ ہفتہ ہی پرپوز کیا ہے‘‘، واضح رہے کہ ڈینیل کی عمر صرف 22 سال ہے، وہ آف اسپنر ہیں اور 23 ونڈے اور 50 ٹوئنٹی 20 میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکی ہیں۔