’’کاماریڈی : ماضی و حال کے آئینہ میں‘‘ کی عنقریب اجرائی

کاماریڈی۔ 11 مارچ (راست)نامور افسانہ نگار جناب رحیم انور کی نئی تصنیف ’’کاماریڈی ماضی اور حال کے آئینہ میں‘‘ کی اشاعت مکمل ہوچکی ہے اور اس کی عنقریب اجرائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ رحیم انور جو پیشہ سے پوسٹ ماسٹر ہیں، کی یہ دسویں تصنیف ہے جس میں انہوں نے اپنے وطن عزیز تعلقہ کاماریڈی کے ماضی اور حال کا مکمل احاطہ کیا ہے۔112 صفحات پر مشتمل ان کی یہ کتاب کاماریڈی سے متعلق ایک یادگار تاریخی دستاویز سے کم نہیں ہے جس میں کاماریڈی کی 30 سالہ تاریخ پر مکمل معلومات فراہم کئے گئے ہیں۔ ضلع نظام آباد کے تعلقہ کاماریڈی کو ریاست تلنگانہ میں اس لئے بھی خاص اور انفرادی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ اردو کا مرکز ہے اور اس سرزمین سے قومی سطح پر ہر شعبہ حیات میں غیرمعمولی شخصیتیں ابھری ہیں۔ سیاسی ہوکہ تعلیمی، فلمی، تجارتی، ادبی ہر میدان میں یہاں کی مٹی سے جنم لینے والوں نے نام کمایا ہے۔ اس سے یہاں کے سماجی ماحول، تعلیمی معیار، آب و ہوا، قومی یکجہتی، خلوص و محبت کا اندازہ ہوتا ہے۔ رحیم انور کی اس تصنیف کو ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کسی تعلقہ کی تاریخ پر لکھنے کیلئے پہلا مقام حاصل ہوگا کیونکہ اس میں انہوں نے تعلقہ کاماریڈی کی شخصیتیں، سیاسی، ادبی، سماجی، مذہبی، تجارتی، دینی مدارس کی سرگرمیاں، بلدی وارڈس، محلہ جات پر روشنی ڈالی ہے۔ ’’کاماریڈی : ماضی اور حال کے آئینہ میں‘‘ شائع کرنا ایک مشکل کام ہی تھا کیونکہ اس میں اہم معلومات اور تحقیق شامل ہے۔ اب یہ مکمل ہے اور عنقریب اس کی اجرائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید تفصیلات کیلئے رحیم انور سے فون نمبر 8106960903 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔