امیتھی 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی نے آج نریندر مودی پر جوابی وار کرتے ہوئے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ’’نیچ راج نیتی‘‘ (پست سطح کی سیاست) تبصرے پر مودی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہ یہ اُن کی نچلی ذات پر تنقید ہے، کہاکہ لوگوں کی کارستانیاں نچلی سطح کی ہیں، اُن کی ذات نہیں۔ اُنھوں نے پرینکا گاندھی کے تبصرے پر پیدا ہونے والے تنازعہ کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ذات نیچ نہیں ہوتی، لوگوں کی کارستانیاں نیچ ہوتی ہیں۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے کل ذات پات کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے تاکہ پرینکا کے تبصرہ کا جواب دیا جاسکا، سوال کیا تھا کہ کیا نچلی ذات سے تعلق ہونا کوئی جرم ہے، پرینکا گاندھی نے پیر کے دن مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنھوں نے اِن کے والد راجیو گاندھی کی ’’شہادت‘‘ کی توہین کی ہے۔ امیتھی میں اپنی تقریر کے دوران اُنھوں نے پست سطح کی سیاست کی ہے۔ دریں اثناء عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس جو امیتھی سے مقابلہ کررہے ہیں، کہاکہ مودی کو عوام سے خطاب کرنا سیکھنا چاہئے۔ اِس کے لئے وہ اُن کی تقریریں سن سکتے ہیں۔ اُنھوں نے یقین ظاہر کیاکہ امیتھی میں اپوزیشن کی کھڑی کی ہوئی تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے وہ کامیاب ہوں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کی امیدوار سمرتی ایرانی نے اپنی کامیابی کا یقین ظاہر کیا ہے کیونکہ عوام سمجھتے ہیں کہ صرف بی جے پی ہی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔ اس سوال پر کہ کیا اُن کے حلقہ کے رائے دہندے ان سے ناراض ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا تھا کہ کوئی بھی اُن پر برہم نہیں ہے۔
اُنھوں نے کہا ’’یہاں سے میرا دل کا رشتہ ہے، پیار کا رشتہ ہے، جہاں بھی جارہا ہوں لوگ مجھے پیار سے دیکھتے رہے ہیں، سمرتھن (تائید) دے رہے ہیں‘‘۔ راہول گاندھی جو 2004 ء سے امیتھی سے منتخب ہوتے آرہے ہیں، غالباً پہلی بار رائے دہی کے دن اپنے حلقہ کا دورہ کررہے ہیں۔ اِس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے کہاکہ وقت اور تاریخ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ جب بھی چاہیں ہم اپنے خاندان سے ملاقات کے لئے آسکتے ہیں، گھر آسکتے ہیں ’’میں اپنے گھر اور خاندان میں آیا ہوں، اس کے لئے میں تاریخ اور وقت نہیں دیکھتا‘‘۔ اُنھوں نے ایک مرکز رائے دہی کا بھی دیہات پھلوا ضلع تلوئی میں دورہ کیا اور دیکھا کہ تختہ سیاہ پر کنول کا پھول اُتارا ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اِس کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کریں گے لیکن تلوئی کے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کے کے سنگھ نے کہاکہ اُنھیں ابھی اِس سلسلہ میں کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ تمام انتخابی نشانوں کو جو مختلف وجوہات کی بناء پر اسکولس میں موجود ہیں، ڈھانک دیا جائے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے مرکز رائے دہی کے پاس بی جے پی کی انتخابی علامت بلیک بورڈ پر اُتارنے پر سخت اعتراض کیا اور کہاکہ وہ الیکشن کمیشن کی توجہ اِس جانب مبذول کروائیں گے کیونکہ یہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔