’’ڈی ولیرس میرے جال میں آ پھنسے‘‘ : سہیل

ایڈیلیڈ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے کپتان و جارحانہ بیٹسمن اے بی ڈی ولیرس کی اہم میچ میں وکٹ کے بارے میں پاکستان کے پیس بولر سہیل خان کہتے ہیں کہ یہ وکٹ ان کے بچھائے ہوئے جال میں آ پھنسی۔ ’’میں جب اے بی ڈی ولیرس کو بولنگ کررہا تھا تو میں دیکھ رہا تھا کہ میرے کریز پر آنے سے پہلے ہی وہ آگے آ کر کھیل رہے تھے۔ میں نے ایک گیند آگے کی، دوسری بھی آگے کی اور تیسری بھی اسی طرح کی تاکہ وہ یہ سمجھیں کہ میں اسی لائن پر بولنگ کر رہا ہوں۔ آخرکار میں نے ایک گیند پیچھے کر دی جو ان کی سمجھ میں نہیں آئی‘‘۔ سہیل اس وکٹ کو اپنی سب سے قیمتی وکٹ قرار دیتے ہیں۔ ’’ ڈی ولیرس عصر حاضر کے بہت بڑے بیٹسمین ہیں۔ آج کل کی کرکٹ میں اُن کا بڑا نام ہے۔ انھیں آؤٹ کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے‘‘۔ سہیل خان جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کے باوجود ہندوستان کے خلاف پانچ وکٹوں کو اپنے کریئر کی شاندار کارکردگی سمجھتے ہیں۔