’’چینی مسلمانوں پر روزے کی پابندی کی مذمت‘‘

قاہرہ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کی تاریخی دانش گاہ الازہر نے چین کی جانب سے مسلم اکثریتی علاقے سنکیانگ میں مسلمانوں پر روزے نہ رکھنے کی پابندی عاید کرنے کی مذمت کی ہے۔چین نے سنکیانگ میں سرکاری ملازمین ،طلبہ اور اساتذہ پر رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھنے پر پابندی عاید کردی ہے اور ریستورانوں کو اس ماہ کے دوران کھلا رکھنے کا حکم دیا ہے۔ قاہرہ میں جامعہ الازہر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق :’’الازہر اور اس کے سربراہ احمد الطیب چینی حکام کی جانب سے مغربی علاقے سنکیانگ میں مسلمانوں پر روزہ رکھنے اور مذہبی اعمال کی ادائی پر پابندی عاید کرنے کی مذمت کرتے ہیں‘‘۔ ’’جامعہ الازہر چین میں یغور مسلمانوں کے خلاف جبرواستبداد کی ان تمام شکلوں کی مذمت کرتی ہے جو ان کے مذہبی حقوق اور شخصی آزادیوں پر اثرانداز ہورہے ہیں اور وہ عالمی برادری ،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے گروپوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو ختم کرائیں‘‘۔