پٹنہ ۔ 9 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر جن کا تعلق بہار سے ہے ، نے ادعا کیا کہ ان کے مکان سے جو ایک کروڑ روپئے کی رقم برآمد ہوئی ہے ، وہ ان کی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رقم ان کے ایک کزن کی ہے ۔ گری راج سنگھ ہمیشہ تنازعات سے پاک رہا اور ہمیشہ ایسا ہی رہے گا۔ انہوں نے خود کو ضمیر غائب کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یہ جواب دیا۔ 61 سالہ گری راج سنگھ نے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران اس وقت وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی پر تنقید کرنے والوں سے پاکستان چلے جانے کی بات کی تھی ۔ جاریہ ہفتہ پٹنہ میں ان کے اپارٹمنٹ میں سرقہ کی واردات بھی رونما ہوئی تھی جس میں ملوث پائے گئے چار افراد کی گرفتاری عمل میں آئی تھی اور حیرت انگیز طور پر سارقوں نے پولیس کو ا یک کروڑ روپئے اور ساتھ ہی ساتھ 600 ڈالرس نقد رقم کے علاوہ ، کئی قیمتی دستی گھڑیاں اور زیورات یہ کہہ کر حوالے کئے کہ یہ سب انہوں نے گری راج سنگھ کے مکان سے سرقہ کیا ہے ۔ پولیس کم سے کم نقد رقم کے بارے میں گری راج سنگھ سے پوچھ گچھ کریگی کیونکہ اپنے انتخابی پرچہ نامزدگی میں انہوں نے جتنی نقد رقم ان کی ملکیت بتائی تھی اس کی مالیت صرف دو لاکھ روپئے تھی ۔ گزشتہ شب اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ یہ ان کے خلاف سیاسی سازش ہے۔