’’میرا حوصلہ نہیں ٹوٹا ‘‘ : جئے للیتا

چینائی ۔19اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے انا ڈی ایم کے قائد جئے للیتا نے آج پارٹی کارکنوں کو تیقن دیا کہ وہ موجودہ مقدمہ میں بری ہوجائیں گی ۔ کیونکہ انہوں نے کئی چیالنجوں کا کامیابی سے سامنا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی آگ کے سمندر میں تیراکی کے مترادف ہے ۔ بنگلور کی جیل سے رہا ہونے کے بعد یہ اُن کا اولین بیان تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں کئی چیالنجوں کا سامنا کرنا چکی اور کامیاب رہ چکی ہیں ‘ کیونکہ انہیں پارٹی کارکنوں کی محبت اور ٹاملناڈو کے عوام کی تائید حاصل ہے ۔ اس لئے وہ حوصلہ نہیں ہاریں گی اور سیاسی زندگی میں برقراررہیں گی ۔ انہوں نے خود کو اناڈی ایم کی قیادت کیلئے وقف کردیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تیقن دیا کہ وہ ریاستی عوام کی بھلائی کیلئے سرگرم رہیںگی ۔