سونیا گاندھی پر وزیراعظم کے الزامات مسترد، شکیل احمد کا بیان
نئی دہلی ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس الزام کو آج مسترد کردیا کہ یو پی اے دور میں سونیا گاندھی ایک غیر دستوری اتھاریٹی تھیں اور وہ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) پر ’اصل طاقت‘ کی حیثیت کی حامل تھیں۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ این ڈی اے حکومت پارلیمنٹ سخت گیر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور یہ (این ڈی اے) محض فرد واحد (ایک شخص) کی حکومت ہے ۔ کانگریس کے ترجمان شکیل احمد نے وزیراعظم کے ریمارکس پر شدید ترین ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’وزیراعظم نریندر مودی ایک ذمہ دار عہدہ پر فائز ہیں۔ چنانچہ کم سے کم ایک آدھ مرتبہ تو انہیں سچ بولنا چاہئے‘‘۔ یو پی اے حکومت کے دوران وزیراعظم کے دفتر میں روز مرہ کے کاموںمیں سونیا گاندھی کی مداخلت سے متعلق مودی کے الزام کو شکیل احمد نے بالکلیہ طور پر غلط اور بے بنیاد قرار دیا۔ شکیل احمد نے بی جے پی کے اس دعوے کو بھی مسترد کردیا کہ کانگریس ایک سال بعد بھی اپنی بدترین شکست کو ہضم نہیں کرسکی ہے۔ کانگریس ترجمان نے برجستہ کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ کسی شکست یا فتح کا ہاضمہ پر کوئی اثر ہوسکتا ہے ۔ ’’میرے خیال میں زعفرانی جماعت (بی جے پی ) ہی اس کا زیادہ تجربہ رکھتی ہے جو ماضی میں پے در پے کئی شکستوں سے دو چار ہوتی رہی ہے‘‘۔