’’مودی کو وزیراعظم بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘‘

میں نے بابری مسجد کا تحفظ کیا ،سنی علماء کونسل کے وفد سے ملائم سنگھ کی بات چیت

لکھنو ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ نریندر مودی کو وزیراعظم بنانے کی کوششوں میں بی جے پی کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ ملائم سنگھ یادو نے یہاں کہا کہ ’’لوک سبھا انتخابات میں سماج وادی پارٹی بی جے پی کو کامیاب ہونے اور نریندر مودی کو ائندہ وزیراعظم بنانے نہیں دے گی ۔ اگر وہ ( بی جے پی ) اترپردیش میں شکست فاش کا سامنا کرتے ہیں تو مودی کبھی بھی زیراعظم نہیں بن سکتے ‘‘۔ ملائم سنگھ یادو نے مسلمانوں کو چوکسی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور بی ایس پی کے گہرے تعلقات ہیں اور جہاں تک مسلمانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کا معاملہ ہے کانگریس کارول بھی مشتبہ ہے ۔ ایس پی سربراہ یہاں سنی علماء کانفرنس کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے جنھوں نے ریاض احمد کی قیادت میں اُن سے ملاقات کرتے ہوئے ایس پی کی تائید کی پیشکش کی تھی ۔ یادو نے کہا کہ دستور کے تحفظ اور ملک کے سیکولر کردار کی برقراری کیلئے انھوں نے اپنے دور حکمرانی میں بابری مسجد کا تحفظ کیا تھا ۔ ملائم سنگھ نے یاد دلایا کہ انھوں نے ہندوستان ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل وفاق بنانے کی پرزور وکالت بھی کی تھی ۔ انھوں نے کہا کہ ’’مسلمانوں سے متعلق میں نے پارلیمنٹ میں تمام مسائل اُٹھائے ہیں‘‘۔ ملائم سنگھ نے ریاست کے تمام مسلمانوں سے آئندہ لوک سبھا الیکشن میں تائید کی درخواست کی اور کہا کہ اُن کی پارٹی ہمیشہ ہی مسلمانوں کے قریب رہی ہے ۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ مستقبل میں مسلمانوں کے لئے فلاحی اقدامات کئے جائیں گے۔