’’مودی، ہندوستان کے کسانوں سے بھی بات کریں‘‘

نئی دہلی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی جنہوں نے کسانوں کی صورتحال پر حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، آج وزیراعظم نریندر مودی کو بھی ان کے مسلسل بیرونی دوروں پر طنزیہ ریمارکس کا نشانہ بنایا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہندوستان کے کسانوں سے بھی بات چیت کریں۔ راہول گاندھی نے لوک سبھا میں کہا کہ ’’پنجاب کی اناج منڈیوں میں کسان اپنی حالت زار کے سبب اپنے دلوں میں درد کے ساتھ رو رہے ہیں‘‘۔ راہول جو پنجاب کے اچانک دورے اور کسانوں سے ملاقات کے بعد واپس ہوئے ہیں،

وزیراعظم نریندر مودی کے مسلسل بیرونی دوروں کو مذاق اور تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہاکہ ’’ہمارے وزیراعظم فی الحال ہندوستان کے دورہ پر ہیں۔ وہ (مودی) چند دن کے لئے یہاں (ہندوستان) آئے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ کچھ وقت کیلئے پنجاب کا دورہ بھی کریں اور وہاں کے کسانوں سے ملاقات کریں اور اناج کی منڈیوں میں ان سے بات چیت کریں‘‘۔ ہریانہ کے وزیر زراعت کے ایک متنازعہ ریمارک کا راہول گاندھی نے آج لوک سبھا میں خطاب کے دوران بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسان اپنی ناگفتہ بہہ صورتحال پر دلوں میں درد کے سبب رو رہے ہیں اور ہریانہ کے وزیر زراعت کہہ رہے ہیں کہ خودکشی کرنے والے کسان بزدل ہیں۔