’’مسلمان اپنے ووٹوں کو تقسیم سے بچائیں‘‘

بریلی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج کہاکہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کی صورت میں بی جے پی کو مرکز میں برسر اقتدار آنے سے کوئی روک نہیں سکے گا۔ اترپردیش کی سابق چیف منسٹر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کو تقسیم سے بچائیں۔ مایاوتی نے حلقہ آنولہ کے دیوچارہ ٹاؤن میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’اگر مسلم ووٹ تقسیم ہوتے ہیں تو مرکز میں بی جے پی کو برسر اقتدار آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا‘‘۔ بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ اگر بی جے پی برسر اقتدار آتی ہے تو رشوت ستانی میں اضافہ ہوگا کیونکہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی سرمایہ داروں کی دولت سے انتخابات لڑتے ہیں۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس

اور بی جے پی دلتوں کے تحفظات ختم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ وہ تحفظات کوٹہ کے مجموعی فیصد میں اضافہ کئے بغیر اس میں مزید طبقات کو شامل کرنا چاہتے ہیں چنانچہ دلتیں اپنے حصہ سے محروم ہوجائیں گے۔ مایاوتی نے بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت میں مسلمان محفوظ نہیں رہیں گے۔ مظفر نگر فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے مایاوتی نے دعویٰ کیاکہ مسلمانوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔ اُنھیں بی جے پی، کانگریس یا سماج وادی پارٹی کے دباؤ میں نہیں آنا چاہئے اس کے بجائے وہ بی ایس پی کو اپنا ووٹ دیں کیونکہ بی ایس پی ہی واحد جماعت ہے جو مسلمانوں کے مفادات سے گہری دلچسپی رکھتی ہے۔