ناگپور 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس نے بی جے پی کی کامیابی کو عدیم المثال قرار دیا اور اس پارٹی کی قیادت میں مرکز میں قائم ہونے والی حکومت سے کہاکہ وہ کسی جانبداری یا امتیاز کے بغیر ملک کے تمام شہریوں کے ساتھ یکساں و مساویانہ سلوک کریں۔ آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری سریش بھیا جوشی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’یہ انتخاب ایک تبدیلی کے لئے تھا اور سارے ملک نے بی جے پی کو شاندار فتح سے ہمکنار کیا ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی‘‘۔ جوشی نے کہاکہ عوام نے پھر ایک مرتبہ ملک میں صحتمند جمہوریت کا رجحان دکھائے ہیں۔ آر ایس ایس قائد بھیا
جوشی نے کہاکہ ’’نئی حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک کے تمام 125 کروڑ عوام کے ساتھ مذہب و ذات پات کی بنیاد پر کسی جانبداری و امتیاز کے بغیر یکساں و مساویانہ سلوک روا رکھے۔ انتخابات تک یہ عوام صرف ووٹر تھے لیکن اب انتخابات کے بعد وہ صرف اس ملک کے شہری ہی ہیں‘‘۔ سریش بھیا جوشی نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف الزامات اور جوابی الزامات لگائے لیکن اب چونکہ انتخابات ختم ہوچکے ہیں چنانچہ الزامات کو بھی دفن کردیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے آر ایس ایس کو بی جے پی کا ریموٹ کنٹرول قرار دیئے جانے سے متعلق الزام کو مسترد کردیا اور کہاکہ یہ درست نہیں ہے۔ حکومت کو کسی کے ریموٹ کنٹرول کے زیراثر نہیں ہونا چاہئے۔ سریش بھیا جوشی نے ایودھیا میں راممندر کے مسئلہ پر کہاکہ یہ بی جے پی کے انتخابی منشور میں شامل ہے اور اُنھیں اپنے وعدہ کی پابندی کرنا چاہئے۔