’’عصمت ریزی ‘‘کی دھمکی پر تپس پال کے پارلیمنٹ سے اخراج کا مطالبہ

نئی دہلی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قومی کمیشن برائے خواتین نے آج مطالبہ کیا کہ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تپس پال کو ’’بے حس‘‘ تبصرہ کی بناء پر پارلیمنٹ سے خارج کردینا چاہئے۔ رکن پارلیمنٹ جو ایک مقبول بنگالی اداکار بھی ہیں، سی پی آئی ایم کارکنوں کو دھمکی دیتے ہوئے ویڈیو فلمبند کئے گئے تھے کہ وہ لڑکوں کو اُن کے مکانوں میں بے لگام چھوڑ دیں گے اور وہ عصمت ریزیوں کا اِرتکاب کریں گے۔ قومی خواتین کمیشن کی سربراہ ممتا شرما نے کہا کہ انہیں پارلیمنٹ سے خارج کردینا چاہئے، یہ انتہائی بدبختانہ بیان ہے۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی خود بھی انسانی حقوق کی علمبردار کارکن رہ چکی ہیں، انہیں حساسیت کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور رکن پارلیمان کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے۔ ممتا شرما نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی اس معاملے میں مداخلت کی خواہش کی۔ مختلف سیاسی پارٹیوں نے بھی تپس پال کے تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے اسپیکر لوک سبھا پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا ازخود نوٹ لیں اور کارروائی کریں۔ سی پی آئی ایم کے رکن پارلیمان محمد سلیم نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے کئی قائدین گزشتہ تین سال سے حکمت عملی کے ایک حصہ کے طور پر تاکہ اپوزیشن پارٹیوں کو دہشت زدہ کیا جائے، اسی قسم کے تبصرے کرتے آرہے ہیں، لیکن ایسے تبصرے کسی رکن پارلیمنٹ سے متوقع نہیں تھے۔ انہوں نے اسپیکر لوک سبھا سے درخواست کی کہ اس معاملے کا ازخود نوٹ لیں کیونکہ عوام لوک سبھا کے ارکان پارلیمان پر نظر رکھتے ہیں۔ بی جے پی قیادت نے بھی اس بیان کی مذمت کی اور مغربی بنگال کے چیف منسٹر سے اس معاملے کا جائزہ لینے کی خواہش کی۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان بابل سپریو نے کہا کہ ایسے تبصرے تپس پال سے سننا دلسوز ہے، لیکن برہمی کے عالم میں تقریر کرتے ہوئے ارکان پارلیمان کو خود پر قابو رکھنا چاہئے اور ایسے تبصرے نہیں کرنا چاہئے۔ سی پی آئی ایم کے پولیٹ بیورو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ترنمول کانگریس رکن پارلیمان تپس پال کا بیان تشدد اور سی پی آئی ایم کارکنوں اور خواتین کی عصمت ریزی پر اُکسانے کی بناء پر صدمہ انگیز اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے سی پی آئی ایم کارکنوں کے قتل، ان کے گھروں کی تباہی اور اُن کی خواتین کی عصمت ریزی کیلئے لڑکوں کو روانہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ یہ مظالم پر اُکسانے والی تقریر ہے۔ اس متنازعہ تبصرہ پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا اور مختلف سیاسی پارٹیوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ ازخود کارروائی کریں۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر لکشمی کانت چاؤلہ نے بھی ترنمول کانگریس کی سربراہ کو ایک مکتوب روانہ کیا اور تپس پال کو جیل بھیج دینے کا مطالبہ کیا۔