’’عراق کو ایرانی پاسداران انقلاب کا تعاون حاصل‘‘

بغداد۔ 24جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ساتھ بغداد کے باہمی عسکری تعاون کا اعتراف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغداد حکومت اور پاسداران انقلاب کے ایلیٹ یونٹ القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے درمیان دوطرفہ تعاون موجود ہے اور ہمیں اس تعاون سے کوئی انکار نہیں ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی’ایرنا‘ کے مطابق العبادی نے ان خیالات کا اظہار ڈاؤس میں جاری بین الاقوامی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ ہمارا تعاون کسی سے پوشیدہ نہیں ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ برس جولائی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامی’’داعش‘‘ کے شمالی شہر موصل پر قبضے کے وقت ایران نے عراق کو اسلحہ اور عسکری شعبے میں امداد فراہم کی تھی۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس یونٹ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی عراق میں موجودگی کو عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دے چکی ہے۔جنرل قاسم سلیمانی پر2007ء کے بعد سے بیرون ملک سفر پر پابندیاں عاید ہیں مگر وہ ان پابندیوں کی پرواہ کیے بغیر عراق اور شام کا سفر کرتے رہے ہیں۔