’’صاحب زادہ اور ماتا شری کو صرف اقتدار کی فکر‘‘

جب وہ عوام کو بھول گئے تو عوام انھیں کیوں یاد رکھیں :مودی

وشواناتھ چاریالی ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے آج کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’صاحب زادہ ‘اور ’ماتا شری ‘کو صرف اقتدار کی فکر ہے ۔ انھیں صرف اقتدار پر برقرار رہنے کی فکر رہتی ہے ۔ آسام کے چاریالی میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’’ صاحب زادہ ( راہول ) اور اُن کی ماتا شری ( سونیا گاندھی ) کو صرف اقتدار پر برقرار ی کی فکر رہتی ہے ۔ جب وہ آپ کو بھول چکے ہیں تو آپ انھیں کیوں یاد رکھتے ہیں ؟ آپ کب تک اُنھیں یاد رکھیں گے ؟ ‘‘۔ مودی نے دہلی میں اروناچل کے ایک طالب علم تانیہ نیرو کی ہلاکت کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ماں اور بیٹا دونوں یہاں آئے تھے لیکن انھوں نے اُن ماں باپ اور افراد خاندان کی ہمدردی میں ایک لفظ بھی نہیں کہا جن کے بچے دلی میں مظالم کا شکار ہوتے ہوئے ہلاک ہوگئے تھے ‘‘۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے مزید کہا کہ ’’سونیا گاندھی کل آسام آئی تھیں اور دیش بھگتی کے ڈھول پیٹ رہی تھیں ، کیا غریبوں اور دوسروں کو حب الوطنی کے بارے میں کانگریس یا سونیا جی سے سبق سیکھنا ہوگا ؟ ‘‘۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ ملک کے عوام پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں کہ ووٹ کس کو دینا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ’’وہ ( عوام ) کانگریس کو صرف شکست دینا ہی نہیں چاہتے بلکہ اُس کو سخت سزاء دینے کے موڈ میںہے ‘‘۔