نظام آباد میں پوچارام سرینواس ریڈی کا خطاب
نظام آباد 24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کلیانہ لکشمی شادی مبارک اسکیمات کیلئے حکومت کی جانب سے 280 کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی کلیانہ لکشمی اسکیم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ملک کے 28 ریاستوں میں بھی حکومت نے اس اسکیم کا آغاز نہیں کیا ہے۔ صرف اور صرف تلنگانہ میں کلیانہ لکشمی شادی مبارک اسکیم کا آغاز کے اعزاز چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو کو حاصل ہوتا ہے۔انتخابات کے موقع پر یہ اسکیم کاذکر نہیں کیا گیا تھا لیکن دلت، گریجن، اقلیت طبقہ کی معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے شادی کے موقع پر ان طبقات کو ہونے والی مشکلوں میں کمی کرنے کے باعث یہ اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے شروع کردہ اس اسکیم میں کسی قسم کی دھاندلی کے بغیر عمل میں لانے کی عہدیداروں سے خواہش کی۔ مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے کلیانہ لکشمی کے استفادہ کنندگان سے خواہش کی کہ شادی کے موقع پر اگر انہیں مدعو کیا گیا یہ ضرور شرکت کریں گے۔ ضلع میں پہلے مرحلہ میں ایس سی، ایس ٹی طبقات کی جانب سے 179 درخواستیں وصول ہوئی ہے ان درخواست گذاروں کو شادی سے قبل 51 ہزار روپئے فراہم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن تاخیر ہوئی ہے آئندہ شادی سے قبل 51 ہزار روپئے فراہم کئے جانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال کی حکومت کی تکمیل سے قبل ہی ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے واٹر گریڈ اسکیم کا افتتاح عمل میں لایا جارہا ہے رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتانے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اسکیمات دیہی سطح پر عمل میں لانے کیلئے تشہیر ناگزیر ہے اور مستحق افراد کو درخواست گذاری کیلئے انہیں رہنمائی کریں۔ رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن نے حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات میں کسی قسم کی دھاندلی ہونے نہ دے اور ہر مستحق کو استفادہ پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے آن لائن کا بھی آغاز کیا اس جلسہ میں رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل، ارکان اسمبلی ہنمنت شنڈے، جیون ریڈی، ایم ایل سی ڈی راجیشور، وی جی گوڑ، ضلع کلکٹر رونالڈ روس، مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا، صدرنشین ضلع پریشد دفعدار راجو، محبوب نگر کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑبھی موجود تھے۔ اس موقع پر کلیانہ لکشمی کے تحت منظور کردہ 89 افراد کو چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔