’’سرگوشیوں میں بھی نہ چھپنے والی خبریں ، اب بریکنگ نیوز بن گئی ہیں‘‘: مودی

نئی دہلی۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ سیاسی طبقہ و برادری اب میڈیا اور دیگر اداروں کی مسلسل نظروں اور نگرانی میں ہے اور انہوں نے عدلیہ کے لئے خود اپنی نگرانی کے لئے ’’داخلی میکانزم‘‘ تیار کرنے کی پرزور وکالت کی۔ وزیراعظم مودی نے جو آج یہاں ریاستی ہائیکورٹس کے چیف جسٹس اور چیف سنٹرس کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، کہا کہ ’’جو خبریں پہلے کبھی حتی کہ ’’سرگوشیوں‘‘ کے کالموں میں بھی جگہ نہیں حاصل کرسکتی تھیں، آج ایسی ہی خبریں ’’بریکنگ نیوز‘‘ بن گئی ہیں۔ مَیں اس (سیاست داں) برادری سے تعلق رکھتا ہوں جو روزانہ 24 گھنٹہ خفیہ نظروں اور نگرانی میں ہے‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں (سیاست دانوں کو) ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ عوام کو جواب دینا ہوتا ہے‘‘۔ مسٹر مودی نے مزید کہا کہ ’’یہ (سیاست دانوں کی) برادری جس سے ہم تعلق رکھتے ہیں، بہت بدنام ہوگئی ہے۔ حتی کہ اس برادری میں رہتے ہوئے بھی ہم نے خود کو قابو میں رکھا ہے اور اپنے آپ پر نظر رکھتے ہیں‘‘۔ وہ الیکشن کمیشن، آر ٹی آئی اور لوک پال جیسے اداروں کا حوالہ دے رہے تھے جو سیاسی طبقہ پر نظر رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’اگر کوئی شخص کتنا ہی بہتر کیوں نہ ہو لیکن ادارہ ہی اچھا نہیں ہو تو اس میں انحطاط کا امکان رہتا ہے۔ بچوں کے والدین اپنے پیسے لاکرس اور کنجیاں گھر میں رکھتے ہیں لیکن وہ چوروں سے بچنے کیلئے ایسا نہیں کرتے کیونکہ چور تو سارا لاکر ہی اٹھا لے جاسکتا ہے۔ وہ (والدین) یہ محض اس لئے ایسا کرتے ہیں کہ بچوں کی عادت خراب نہ ہوجائے۔ ایسا کرنا ہمارے لئے بھی ضروری ہے‘‘۔