’’رشوت کے الزام کا جواب عدالت میں دوں گا‘‘ : فاروق عبداللہ

چینائی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کی جانب سے ان (ڈاکٹر فاروق عبداللہ) کا نام رشوت خور سیاستدانوں کی فہرست میں شامل کئے جانے پر وہ عدالت سے رجوع ہوں گے اور عدالت میں ہی اس الزام کا جواب دیا جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج یہاں ڈی ایم کے کے صدر ایم کروناندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد وہاں موجود اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’مجھے خوشی ہوئی ہیکہ میرا نام بھی اس فہرست میں آیا ہے۔ میں عدالت سے رجوع ہوں گا اور اس کا جواب دیا جائے گا۔ میں ان (کجریوال) سے بھی پوچھوں گا‘‘۔

کروناندھی سے تقریباً 10 منٹ تک بات چیت کے بعد ڈاکٹر عبداللہ نے اخباری نمائندوں سے مسلسل سوالات پر کوئی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ میں ان (کروناندھی) کے بیٹے جیسا ہوں اور ان سے سیاست پر کوئی بات چیت نہیں کی۔ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سے این سی پی لیڈر اور مرکزی وزیر شردپوار کی ملاقات سے متعلق ایک سوال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جواب دیا کہ ’’کوئی بھی کسی سے بھی مل سکتا ہے۔ ہم دوستوں سے ملتے ہیں تو کبھی دشمنوں سے بھی ملتے ہیں۔ جمہوریت میں کوئی بھی کسی سے بھی مل سکتا ہے‘‘۔ تاہم شردپوار نے 17 جنوری کو نئی دہلی میں مودی سے ملاقات کے بارے میں میڈیا کے ایک گوشہ سے جاری خبروں کو بکواس قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ یہ خبر نہ صرف بالکل غلط اور بے بنیاد ہے بلکہ شرانگیزی پر مبنی ہے۔

دہلی اسمبلی کا اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں خصوصی اجلاس
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جن لوک پال بِل پر مباحث کیلئے اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا جائے جو اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں اجلاس کے آخری دن منعقد کیا جائے گا۔ کابینہ نے فیصلہ کیاکہ کرپٹ عہدیداروں کو سزا بھی دی جائے گی۔ خصوصی اجلاس قبل ازیں تاریخی رام لیلا میدان پر منعقد کیا جانے والا تھا لیکن اب اسے 16 فبروری کو اندراگاندھی انڈور اسٹیڈیم میں مقرر کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر منیش سیسوڈیہ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کہاکہ 13 تا 16 فبروری اسٹیڈیم میں دہلی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا اور آخری دن عوام کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ عام آدمی پارٹی حکومت قبل ازیں اعلان کرچکی ہے کہ پارٹی کے اہم انتخابی موضوعات میں سے ایک جن لوک پال بِل پر مباحث کے بعد اِس کو منظوری دی جائے گی۔