’’راہول کو پارٹی کی باگ ڈور سنبھال لینا چاہئے‘‘

نئی دہلی ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج یہ کہتے ہوئے ایک تنازعہ چھیڑ دیا کہ راہول گاندھی کیلئے اپنی والدہ سونیا گاندھی سے پارٹی کی باگ ڈور سنبھال لینے کا وقت آچکا ہے، جسے پارٹی نے اُن کے ’’شخصی خیالات‘‘ قرار دیا ہے۔ ’’یہ کانگریس ورکرس کا عام احساس ہے کہ کانگریس نے ہمیشہ پارٹی کی قیادت کیلئے نوجوان تر لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ لہٰذا اب میں سمجھتا ہوں کہ وقت آچکا ہے کہ راہول گاندھی کو ذمہ داری سنبھال لینا چاہئے،‘‘ ڈگ وجئے نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے یہ بات کہی۔ حالیہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے تعلق سے پوچھنے پر جن میں پارٹی کو ناکامی ہوئی، انھوں نے کہا کہ کوئی 2004ء اور 2014ء کے درمیان کی کامیابیوں کو بھی تو دیکھے۔ نائب صدر کانگریس کی قائدانہ صلاحیتوں کے تعلق سے اُن کے پہلے کے ریمارکس کی یاددہانی پر ڈگ وجئے نے کہا، ’’براہ کرم میرا بیان پھر سے ملاحظہ کریں۔ میں نے کہا تھا راہول گاندھی اقتدار کے پیچھے نہیں پڑتے ، برخلاف مسٹر مودی جو اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے اور نا سانس لے سکتے ہیں‘‘۔ پارٹی نے اسے اُن کی شخصی رائے قرار دیا ہے۔ پارٹی ترجمان آنند شرما نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’جو کچھ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہے اُن کی شخصی رائے ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اجتماعی رائے کو قبول کیا جب معاملہ تنظیم کی مضبوطی کا ہو یا اس ملک کے مفاد میں ہو‘‘۔ انھوں نے کہا کہ سونیا گاندھی پارٹی کیلئے زبردست حوصلہ کا ذریعہ ہیں۔ ’’راہول گاندھی بھی باعث حوصلہ اور پارٹی کا مستقبل ہیں۔‘‘