’’دھونی کے پاس کبھی پھوٹی کوڑی تک نہ رہے گی‘‘

یوراج کی ورلڈ کپ میں عدم شمولیت پر والد یوگراج کی کپتان پر برہمی
نئی دہلی ، 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے پھر ایک بار اپنے فرزند کے انڈین ٹیم سے اخراج کیلئے کپتان ایم ایس دھونی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ انھوں نے سنسنی خیز لفظی حملے میں ہندوستانی کپتان کو بددعا دیتے ہوئے کہاکہ ایک دن آئے گا کہ وہ کوڑی کوڑی کو محتاج ہوجائیگا اور کوئی ا ُس کی مدد نہیں کریں گے ۔ یوگراج نے ایک ہندی نیوز چینل کو بتایا کہ دھونی کی کیا حیثیت تھی ۔ وہ محض میڈیا کی وجہ سے کرکٹ کا خدا بن چکا ہے ۔ میڈیا نے اُسے عظیم بنادیا جس کا کبھی وہ مستحق نہیں رہا ۔ ایسا وقت بھی گذرا جب اُس کے پاس کچھ نہ تھا لیکن آج وہ میڈیاوالوں کے کان کھینچتا ہے ۔ وہ ذرائع ابلاغ کی ہنسی اُڑاتا ہے جنھوں نے اُسے اس قدر بڑھاچڑھاکر پیش کیاہے۔ وہ ہندوستانیوںپر بھی ہنستا ہے جو اُس کے ہر رن پر تالیاں بجاتے ہیں ۔ دیانتداری کی بات کریں تو اگر میں میڈیا کاشخص ہوتا تو میں دھونی کو وہیں طمانچہ رسید کردیا ہوتا ۔ یوگراج نے دو ماہ قبل بھی دھونی پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں یوراج نے کہا تھاکہ اُن کے والد بس کچھ جذباتی ہوگئے تھے ۔