گلبرگہ ۔27 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک اسمبلی کیلئے 6 مرتبہ اور ایک مرتبہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہونے والے ممتاز قومی قائد ڈاکٹر قمر الاسلام کو سماج کے تمام طبقات میں یکساں مقبولیت حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہارممتاز ماہر تعلیم اور مذہبی رہنما ڈاکٹر شرن بسپا اپا مہاراج پیٹھادی پتی، شرن بسویشور سمستھان،گلبرگہ نے 27جنوری کو قمر الاسلام کی سالگرہ کے موقع پر رنگ مندر گلبرگہ میں قمر الاسلام کی خدمات کے اعتراف میں ان کی حیات اور کارناموںپر مبنی کنڑا روزنامہ ’’وجئے وانی‘‘ کے خصوصی شمارہ کی رسم اجرائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر شرن بسپا اپا مہاراج نے کہا کہ قمرالاسلام کی سماج کے تمام طبقات میں بلا لحاظ مذہب و ملت مقبولیت اور ان کے سیکولر مزاج کے حامل ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انھوں نے گلبرگہ کے مسلم اکثریتی کارپوریشن کے انتخابی حلقہ سے ایک غیر مسلم امیدوار بھیم ریڈی پاٹل کو متواتر دوبار کارپوریٹر کی حیثیت سے کامیاب کروایا ۔ ڈاکٹر اپا مہاراج نے کہا کہ ان کا یہ ماننا ہے کہ جو لوگ قرآن پڑھتے ہیں وہ پر امن مزاج کے حامل اور سنجیدہ ہوتے ہیں ۔ قرآن میں چونکہ علم حاصل کرنے پر زور دیا گیا ہے ، چنانچہ قمر الاسلام نے بھی قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے گلبرگہ میں کئی ایک تعلیمی ادارے قائم کروادئے ہیں جہاں سے فارغ ہوکر کئی نوجوان روزگار حاصل کرر ہے ہیں ۔ انھوں نے قمر الاسلام کو اسم بامسمیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمس میں تمازت ہوتی ہے جبکہ قمر یعنی چاند میں ٹھنڈک ہوتی ہے ۔ یہی صفت قمر الاسلام میں بھی موجود ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ و صدر نشین خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی نے اپنی تقریر میں ڈاکٹر قمر الاسلام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قمر الاسلام جس جذبہ کے تحت عوامی خدمات انجام دے رہے ہیں وہ یقینا قابل قدر ہے ۔ وہ اکیلے نہیں ہیں بلکہ سماج کے تمام طبقات ان کے ساتھ ہیں ۔ سلفل مٹھ ،شاہ بازار گلبرگہ کے سوامی مہا شیو چاریہ نے بھی الحاج قمر الاسلام کی بلا لحاظ مذہب و ملت قابل قدر خدمات کی ستائش کی ۔ وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن ، اوقاف ، اقلیتی بہبود و پبلک اینٹر پرائیزیس ڈاکٹر قمر الاسلام ضلع انچارج وزیر گلبرگہ و اولین صدر نشین حیدر آباد کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ نے اس موقع پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی تعلیمی زندگی کے اختتام پر سیاسی زندگی کے آغاز اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے اپنی طویل جدو جہد کا تذکرہ کیا ۔ قمر الاسلام نے کہا کہ انھیں جب بھی موقع ملا ہے انھوں نے سماج کے غریب، پسماندہ اور کمزور لوگوں کی ہر ممکنہ مدد کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انھوں نے بتایا کی سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کے دور میں انھیں وزیر امکنہ بنایا گیا تھا ۔ اس وقت انھوں نے ریاست کے 11لاکھ غریب خاندانوں کیلئے 11لاکھ مکانات تعمیر کرواکر ان کے حوالے کردئے ۔ اور اب موجودہ حکومت میں چیف منسٹر سدرامیا جی سے نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے مذکورہ بالا مکانات کے 2784کروڑ روپیوں کے بقایہ جات معاف کروادئے ۔ انھوں نے بتایا کہ جب سے وہ سیاست میں داخل ہوئے ہیں اس وقت سے لیکر آج تک بھی گلبرگہ کے جتنے بھی مئیر اور ڈپٹی مئیر منتخب ہوئے ہیں وہ ان ہی کے سیاسی تدبر کا نتیجہ ہیں ۔ قمر الاسلام نے کہا کہ میں دنیا کو یہ خبر دینا چاہتا ہوں کہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ اور شری شرن بسویشور کی سرزمین سے انسانیت کا پیغام عام ہوا ۔ قمر الاسلام کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تہنیتی تقریب سے بلالحاظ مذہب و ملت، مسلم ، ہندو ، عیسائی، لنگایت ، بدھسٹ ،دلت اور دیگر تمام مذاہب کے رہنمائوںنے بھی خطاب کیا ۔ ابتداء میں جناب محمد اصغر چلبل صدر بلاک کانگریس کمیٹی ، گلبرگہ نارتھ و ترجمان ضلع کانگریس کمیٹی گلبرگہ کے علاوہ شری بھیم ریڈی پاٹل کرکندہ کارپوریٹر نے مہمانان کا خیر مقدم کیا ۔ جناب شرف الدین سید سابق رکن کرناٹک اردو اکیڈیمی، جنابب اسد علی انصاری صدر نشین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی ، گلبرگہ ، جناب عبدالرحیم مرچی سیٹھ، ممتاز کانگریس قائد جناب عادل سلیمان سیٹھ، گلبرگہ کے کئی ایک کارپوریٹرس جناب قمر الاسلام کی سالگرہ کی مسرت میں کیک کاٹا گیا اور ان کی بکثرت گل پوشی کی گئی ۔ رنگ مندر گلبرگہ کے مذکورہ بالا جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی ۔