’’جنتا پریوار‘‘ کے انضمام کی کوششیں

نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ’’جنتا پریوار‘‘ کے انضمام کے امکانات واضح ہونے لگے ہیں کیونکہ اس پریوار کے قائدین نے آج سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ جنتا دل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑے، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو، سماج وادی جنتا پارٹی لیڈر کمال مرارکا اور انڈین نیشنل لوک دل کے رکن پارلیمنٹ دشینت چوٹالہ نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ موقف اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک طاقتور اپوزیشن کا رول ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنتا پریوار قائدین اس بات سے متفق تھے کہ ان کا متحد ہونا ضروری ہے کیونکہ کانگریس نے اپوزیشن کا خلاء پیدا کردیا ہے۔