’’تیسرا ‘‘ کا کوئی وجود نہیں : اسپنر نارائن

میرپور (بنگلہ دیش)۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے اہم اسپنر سنیل نارائن نے کہا ہے کہ پاکستانی اسپنر کی جانب سے جس ’’تیسرا‘‘ کا ذکر کیا جاتا ہے، ایسی کوئی گیند ہی نہیں ہے بلکہ یہ ذہنی کھیل کا ایک حصہ ہے تاکہ حریف بیٹسمنوں کو ذہنی طور پر دباؤ میں رکھا جاسکے۔ سنیل نارائن سے جب استفسار کیا گیا کہ جیسا کہ آف بریک اسپنر ’’دوسرا‘‘ استعمال کرتے ہیں جو دراصل مخالف سمت میں گھومنے والی گیند ہوتی ہے، کیا اس کے بعد ’’تیسرا‘‘ کوئی گیند ہے؟ تو اس پر سنیل نارائن نے راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’تیسرا‘‘ نام کی کوئی گیند ہی نہیں

بلکہ یہ صرف ذہنی کھیل کا ایک حصہ ہے۔ آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے نارائن نے کہا کہ کرکٹ میں بیٹسمنوں کیلئے بہت سے مواقع دستیاب ہیں جبکہ بولروں کو خود کو ثابت کرنے کیلئے بہت کم مواقع حاصل رہتے ہیں لہذا بولروں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایک ذہنی کھیل کا خاکہ تیار کریں جس کے لئے بولر ہر دن ایک نئی کوشش کرتا ہے ۔ نارائن کو ٹوئنٹی 20 کا کامیاب ترین بولر تصور کیا جاتا ہے چونکہ 107 مقابلے کھیلنے کے باوجود انہوں نے صرف 5.43 کی اوسط سے بولنگ کی ہے جو کفایتی بولنگ تصور کی جاتی ہے۔