’’بی جے پی قائدین اقتدار کیلئے اپنے ہی کارکنوں کو ہلاک کرسکتے ہیں‘‘

زعفرانی جماعت کو ہندوؤں ، مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ، صرف اقتدار کی فکر : کجریوال

نئی دہلی ۔ 14 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے بی جے پی پر آج سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ زعفرانی جماعت کے قائدین برسراقتدار آنے کیلئے خود اپنے ہی افراد کو ہلاک کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ 1992 ء میں بابری مسجد کی شہادت کے واقعات سے متعلق ایک خبررساں ادارہ کے حالیہ اسٹنگ آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ’’بی جے پی کے لوگ ہندوؤں ، بچوں اور خود اپنے ہی کارکنوں کو ہلاک کرسکتے ہیں۔ انھیں ( بی جے پی کو ) ہندوؤں اور مسلمانوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ اقتدار پر فائز ہونے کیلئے ان کے پاس سب مساوی ہیں۔ ہم لوگ یہ بات کیوں نہیں سمجھتے ؟ ‘‘ کجریوال آج یہاں اپنی پارٹی کے ایک ترجمان دلیپ پانڈے اور ان کے ساتھی کی لکھی کتاب ’’دہلیز پر دل‘‘ کی رسم اجرائی کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کسی نے حتی ٰ کہ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے بھی کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہمارا ایجی ٹیشن ایسی شکل اختیار کرے گا ۔ کجریوال نے کہا کہ جن طاقتوں سے ہم مقابلہ کررہے ہیں صرف دولت کے ذریعہ اُن کا سامنا نہیں کیا جاسکتا ۔ ہم ملک کی چند بڑی سیاسی جماعتوں اور تجارتی گھرانوں کے خلاف لڑ رہے ہیں ۔ کیونکہ ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔ کجریوال نے ان پر کئے گئے حالیہ حملہ کے تناظر میں کہا کہ ’’ہم پر مزید حملے ہونگے ۔ وہ ( حریف جماعتیں ) محض انتخابات کے سبب خاموش بیٹھی ہوئی ہیں۔ اور انتخابات کے اختتام کے بعد وہ اپنا اصلی رنگ دکھائیں گے ۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی کے برسراقتدار آنے کی صورت میں میڈیا کو ڈرایا دھمکایا جائے گا ۔ انھوں نے کہاکہ ’’مجھے چند سینئر ایڈیٹرس کے ٹیلی فون کالس موصول ہوئے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ بی جے پی قائدین انھیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔ دولت اپنا رول ادا کررہی ہے اور جو لوگ دولت سے مرعوب نہیں ہوتے انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔