مبینہ قاتل مسلم علی کا دعوی،مقتول ثمینہ کے شوہر اصالت کا اعتراف،ڈی سی پی ساوتھ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 16 جون ( سیاست نیوز) میر چوک کے دوہرے قتل کیس میں پولیس نے دو ملزمین بشمول مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے لیکن اس کیس کے تمام حقائق منظر عام پر نہیں آسکے ۔ ثمینہ فاطمہ اور ان کی بھانجی سیدہ دانیا عرف انم کے قتل کی ورادات 11 جون کو پیش آئی تھی ۔ ساوتھ زون پولیس نے آج پانچ دن کے بعد پولیس نے آج یہ دعوی کیا ہے کہ سید علی اصالت عرف پرنس نے اپنی بیوی ثمینہ فاطمہ اور بھانجی کا قتل کروایا ہے اور اس کیلئے مسلم علی نامی نوجوانوں کو 2 لاکھ روپئے سپاری دی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون مسٹر سروا سریشٹ ترپاٹھی نے آج ایک پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے سید علی اصالت اور مسلم علی کی گرفتار کا اعلان کیا لیکن وہ قتل کی وجوہات بتانے سے قاصر رہے۔میڈیا کی جانب سے مسلسل قتل کی وجوہات کا انکشاف کرنے کے اصرار پر انہوں نے بتایا کہ گھریلو تنازعہ کے سبب یہ قتل ہوا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 51 سالہ سید علی اصالت جو نقلی نادر اشیاء کا کاروبار کرتا ہے اورشاطر دھوکہ باز ہے وہ 16 سے زائد مقدمات میں ملوث ہے اور دو مقدمات میں اسے سابق میں سزا بھی ہوئی تھی۔اس کے خلاف سابق میں روڈی شیٹ بھی کھولی گئی تھی۔ ڈی سی پی نے یہ دعوی کیا ہے کہ اصالت کی دو بیویاں ہیں اور ثمینہ فاطمہ پہلی بیوی تھی جس سے وہ اپنا پیچھا چھڑانا چاہتا تھا تا کہ دوسری بیوی کو اپنے ہمراہ رکھ سکے ۔ مسٹر ترپاٹھی نے پریس کانفرنس میں اس کیس سے متعلق کئی حقائق کو بتانے سے انکار کردیا لیکن یہ دعوی کیا ہے کہ اصالت نے اپنے اقبالی بیان میں تحقیقاتی عہدیداروں کو یہ بتایا ہے کہ اس نے مسلم علی کو اپنی بیوی اور بھانجی کے قتل کیلئے 2 لاکھ روپئے سپاری دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے تحت 11 جون کو مسلم نے آغا ٹاورس میں واقع ثمینہ فاطمہ کے فلیٹ کے عقبی دروازہ سے مکان میں داخل ہوکر مکان میں موجود تیز دھار چاقو سے دونوں کا گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کے وقت اصالت علی کی حیدرآباد میںموجودگی کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں ایر پورٹ کے ایمیگریشن عہدیداروں سے ربط پیدا کیا گیا ہے تا کہ اصالت کے خلیج ممالک کے سفر سے متعلق تفصیلات حاصل کی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ شمس آباد ایر پورٹ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی تجزیہ کیا جائے گا تا کہ اصالت کی نقل و حرکت کے بارے میں پتہ لگایا جاسکے ۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے چار موبائیل فونس، ایک موٹر سائیکل ،چاقو اور پاسپورٹ بھی برآمد کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اصالت اور مسلم علی کو عنقریب پولیس مزید تفتیش کیلئے پولیس تحویل میںلے گی۔