قاہرہ ، 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی طاقتور آرمی نے آج یہ رپورٹ کو ’’غیردرست‘‘ قرار دیا کہ فیلڈ مارشل عبد الفتح السیسی نے ایسا کہا کہ وہ صدر کیلئے انتخاب لڑیں گے، اور میڈیا سے اپیل کی کہ فوجی قائدین کے تعلق سے خبریں پیش کرنے میں احتیاط سے کام لیں۔
کویتی اخبار السیاسہ نے ایک رپورٹ شائع کی جسے اس نے السیسی کا انٹرویو قرار دیا، جس میں 59 سالہ جنرل کے حوالے سے کہا گیا کہ وہ ’’عوام کے مطالبات کی تکمیل کرتے ہوئے صدارتی انتخاب لڑیں گے‘‘ جو وسط اپریل میں منعقد شدنی ہیں۔ لیکن فوجی ترجمان کرنل احمد علی نے کہا: ’’جو کچھ السیاسہ میں شائع ہوا محض صحافتی قیاس آرائی ہے ، نہ کہ فیلڈ مارشل السیسی کی طرف سے کوئی راست بیان۔‘‘ ترجمان نے اس رپورٹ کو ’’غیردرست‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ السیسی کا صدارتی انتخاب لڑنے یا نہ لڑنے کا فیصلہ شبہ یا قیاس آرائی کے بغیر عظیم مصری عوام کے روبرو واضح طور پر کیا جائے گا۔