ہندوستانی کھلاڑی بہتر رفاقت بنانے میں ناکام، دھونی کا ردعمل
برسبین ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں جاری ٹرائی سیریز کرکٹ ٹورنمنٹ کے دوسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی تدبیر غلط ثابت ہوگئی لیکن انگلینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی 9 وکٹ سے بدترین شکست کیلئے انہوں نے اپنے ہی بیٹسمین کو موردالزام ٹھہرایا ہے۔ جیمس اینڈرسن اور اسٹیون اسمتھ کی جارحانہ بولنگ سے اپنی ٹیم کے آؤٹ ہوجانے کے بعد دھونی نے کہاکہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ ہم نے اچھی بیٹنگ کی۔ بالخصوص پہلے بیٹنگ کے انتخاب کے بعد ہمیں اچھا کھیلنا چاہئے تھا اور ہمارے بیٹسمین نے اچھا نہیں کھیلا۔ ہمیں اچھی رفاقت بنانے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہیں ہوسکا‘‘۔ اگر کوئی گیند شاٹ لگانے کی ہوتی ہے تو شاٹ لگانا چاہئے لیکن اگر کسی گیند کو دفاعی انداز میں کھیلنا چاہئے تو آپ کو چاہئے کہ پہلے گیند پر نظر جمائیں اور گیند کو دیکھیں لیکن جب آپ کو کھیل میں تیزی کرنے کی ضرورت تھی۔ آپ کے پاس کوئی وکٹ ہی نہیں بچا تھا‘‘۔ ہندوستان ایک طویل عرصہ سے آسٹریلیا میںکھیل رہا ہے اور یہاں آئندہ ماہ سے ورلڈ کپ بھی شروع ہورہا ہے۔ اس پس منظر میں دھونی نے کہا کہ ساڑھے چار مہینے گھر سے دور رہنا انتہائی دشوار ہوتا ہے لیکن ہمیں کھیلتے رہنا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ایک شکست کے بعد انگلینڈ کی آج یہ پہلی کامیابی تھی جس پر فاتح ٹیم کے کپتان ایان مورگن نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔