’وِزڈن‘ کے سرورق پر تنڈولکر اولین ہندوستانی

انڈیا ایڈیشن کے کوور پر بیٹنگ اسٹار پہلے ہی شائع ہوچکے ہیں
لندن ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بیٹنگ لجنڈ سچن تنڈولکر جو 24 سال طویل شاندار کیریئر کے بعد گزشتہ برس انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوش ہوگئے، باوقار ’وِزڈن کرکٹرز آلمناک‘ کے 151 ویں ایڈیشن کے سرورق پر رونق افروز ہوئے ہیں۔ 40 سالہ کرکٹر اس آلمناک کے سرورق پر شائع ہونے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔ وہ قبل ازیں ’وزڈن انڈیا آلمناک‘ کے دوسرے ایڈیشن کے کوور پر اشاعت کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ زرد سرورق پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تنڈولکر اپنی آخری اننگز گزشتہ سال نومبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے کے بعد وانکھیڈے اسٹیڈیم کے میدان سے باہر جارہے ہیں۔

اس تصویر میں تنڈولکر اپنا بیاٹ بلند کرکے شائقین کی داد و حمایت کا جواب دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے کہا، ’’سچن خود ہی اجاگر ہوجاتے ہیں۔ ان کا درجہ اور کھیل پر اثر شبہ سے بالاتر ہیں۔ وزڈن ایک غیرمعمولی کیریئر کو اس سال کے آلمناک میں اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسرور ہے‘‘۔ وزڈن کرکٹرز آلمناک کا 2014ء ایڈیشن لندن میں کل شائع کیا جائے گا۔ وزڈن نے کہا: ’’تنڈولکر نے 24 سال تک ٹسٹ میچز دنیا بھر میں سب سے زیادہ جذباتی پرستاروں کے روبرو کھیلے۔‘‘ وزڈن نے تنڈولکر کے ریکارڈ کا تقابل بھی انگلینڈ کے کپتان السٹیر کک اور آسٹریلیا کے کیپٹن مائیکل کلارک کے ساتھ کیا ہے۔ ’’اگر مزید ثبوت چاہئے کہ وہ (کیریئر) کس قدر حیران کن رہا، یہ موقع ڈسمبر میں پرتھ میں دیکھا گیا، جب چند لمحوں کیلئے کک اور کلارک نے مل کر تنڈولکر کی ٹھیک برابری کی: 200 ٹسٹ میچز، 15,921 رنز اور 51 سنچریاں۔‘‘