چندی گڑھ 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ میجر دھیان چند کا نام بھارت رتن ایوارڈ کیلئے سفارش کیا جاچکا ہے ایک اور ہاکی اسٹار بلبیر سنگھ سینئر نے احساس ظاہر کیا کہ انہوں نے ملک کیلئے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ بھی اس ایوارڈ کی متقاضی ہیں اور انہیں امید ہے کہ انہیں زندگی میں کبھی یہ ایوارڈ حاصل ہوگا ۔ 90 سالہ بلبیر سنگھ سینئر تین مرتبہ کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ہیں اور وہ ہاکی میں اپنے کارناموں پر نظر ڈالتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے خیال میں یہ کارنامے اتنے بہتر ہیں کہ وہ بھی یہ ایوارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ بلبیر سنگھ سینئر کو اب تک پدما شری ایوارڈ سے سرفراز کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اب تک یہ ایوارڈ حاصل نہ کرنے پر افسوس ہے ۔
تاہم ان کے خیال میں ایوارڈز اور انعامات سے نوازنا حکومت کا اختیار تمیزی ہے ۔ بلبیر سنگھ نے کہا کہ اگر بحیثیت کھلاڑی ‘ بحیثیت کپتان ‘ بحیثیت کوچ ‘ بحیثیت مینیجر اور بحیثیت ایک منتظم ان کے ریکارڈز اور کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے تو پھر انہیں بھارت رتن ایوارڈ ملنا چاہئے تاہم وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ یہ تو اللہ کی مرضی ہے یا پھر حکومت کا اختیار تمیزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ انہیں یہ ایوارڈ ان کی زندگی ہی میں مل جائیگا ۔ بلبیر سنگھ نے کہا کہ ان کی زندگی پر گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات کا بہت اثر ہے اور اکثر یہ الفاظ ان کے کانوں میں گونجتے ہیں کہ کسی کو اپنا فرض ادا کرتے رہنا چاہئے چاہے اس کے نتائج کچھ بھی ہوں۔