مرسی کی تنظیم کے پرتشدد عسکریت پسند گروپوں سے روابط، جنرل سیسی کا انٹرویو
قاہرہ ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں صدارتی انتخابات کی دوڑ میں سب سے آگے رہنے والے امیدوار فیلڈ مارشل عبدالفتح السیسی نے عہد کیا ہیکہ معزول اسلام پسند صدر مرسی کی تحریک اخوان المسلمین کا کوئی وجود برقرار نہیں رہے گا اگر وہ (سیسی) مجوزہ انتخابات میں فتح حاصل کرلیں گے۔ مصری سٹلائیٹ نیٹ ورکس سے گذشتہ شب نشر کردہ ایک انٹرویو میں فوج کے سابق سربراہ نے الزام عائد کیا کہ اخوان المسلمین کے مختلف پرتشدد عسکریت پسند گروپوں سے روابط ہیں اور انہوں نے ان کے قتل کیلئے دو سازشیں کی تھیں جو بے نقاب ہوچکی ہیں۔ 59 سالہ جنرل عبدالفتح السیسی نے گذشتہ سال جولائی میں مصر کے پہلے عوامی منتخبہ صدر مرسی کو بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کے بعد معزول کردیا تھا۔
فیلڈ مارشل سیسی نے اپنے اس عہد کا اظہار کیا ہیکہ 26 اور 27 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں اگر وہ کامیاب ہوجاتے ہیں تو اخوان المسلمین کا مکمل طور پر خاتمہ کردیں گے۔ انہوں نے دلیل پیش کی کہ ملک کے عوام بھی اس تحریک کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ مصر کے خانگی ٹیلیویژن چینل سی بی سی اور آن ٹی وی چینلس کو دیئے گئے انٹرویو میں فیلڈ مارشل سیسی نے کہا کہ ’’میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ میں نہیں ہوں بلکہ آپ (مصری عوام) ہیں جنہوں نے اس (اخوان المسلمین) کو ختم کیا ہے‘‘۔ اس سوال پر کہ آیا آپ کی کامیابی کی صورت میں اخوان المسلمین صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔ انہوں نے جواب دیا کہ ’’جی ہاں! یہ سچ ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ ان پر قاتلانہ حملے کئے گئے لیکن میں اپنی قسمت پر یقین رکھتا ہوں اور میں ایسی سازشوں سے خوفزدہ نہیں ہوتا۔ تاہم انہوں نے قاتلانہ حملوں کی سازشوں کی تفصیلات کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔