’مہایوتی ‘کو کمر کس لینے کی ضرورت : شیوسینا

ممبئی ۔ 26 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضمنی چناؤ میں آر جے ڈی ۔ جے ڈی (یو)۔ کانگریس اتحاد کی جانب سے مات کھا جانے کے بعد بی جے پی کی حلیف شیوسینا نے آج کہا کہ مہایوتی کو آنے والے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات لڑنے کیلئے کمر کس لینے کی ضرورت ہے اور اُسے محض ’’مودی لہر ‘‘ پر انحصار سے احتراز کرنا چاہئے ۔ پارٹی ترجمان ’سامنا ‘ کے اداریہ میں سینا نے کہا کہ ہمیں یہ قبول کرلینا ہوگا کہ آر جے ڈی ۔ جے ڈی ( یو ) ۔ کانگریس اتحاد نے 6 نشستیں جیت لئے جبکہ بی جے پی صرف 4 جیت پائی ۔ عوام نے دکھایا ہے کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے درمیان فرق ہوتا ہے ۔ یہ فرق نہایت سنجیدگی سے سمجھنا ہوگا ۔ اداریہ میں مزید کہا گیا کہ ضمنی چناؤ کے نتائج دیکھتے ہوئے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ بی جے پی ۔ شیوسینا زیرقیادت مہایوتی کو بھرپور محنت کرنی ہوگی اور مہاراشٹرا کے آنے والے انتخابات میں جاں فشانی سے کام کرنا ہوگا ۔ مودی لہر پر پوری طرح تکیہ کرنے کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے سینا نے کہا کہ ریاستی انتخابات محض باتوں سے جیتے نہیں جاسکتے ۔ بہرحال بی جے پی کو ان نتائج سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ۔