’مودی کا دِل صرف کُرسی مانگ رہا ہے ‘

کلو۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بی جے پی وزارت عظمی امیدوارنریندر مودی کو انتخابی مہم کے دوران ایک شہید کے نام کا استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ مودی نے کارگل شہید کیپٹن وکرم بترا کے مشہور جملے ’’یہ دل مانگے مور‘‘ کو محض وزارت عظمی کی کرسی حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا ہے ۔ مودی نے ہماچل پردیش میں گذشتہ ہفتہ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی کیپٹن وکرم بترا کا ذکر کیا جو کارگل لڑائی میںہلاک ہوگئے ۔ انہوں نے کیپٹن کے مشہور جملے ’’یہ دل مانگے مور‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اُن کی پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی ۔

سونیا گاندھی نے کُلو میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ اُن کا دل صرف کُرسی مانگ رہا ہے ‘‘ انہوں نے کہا کہ مودی کا یہ طرز عمل شہیدوں کی توہین ہے۔انہوں نے مودی پر عوام کو بڑے خواب دکھانے کا الزام عائدکیا اور کہا کہ حقیقت یہ ہیکہ مودی نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہاں صرف تباہی ہے جب کہ کانگریس نے ہمیشہ کمزوروں اور غریبوں کی ترقی کیلئے کام کیاہے ۔ مودی کی تقاریر کے لب ولہجے پر تنقید کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ اس انداز میں بات کررہے ہیں گویا پہلے ہی وزارت عظمی کی کُرسی حاصل کرچکے ہوں ‘حالانکہ انتخابی نتائج کا ابھی اعلان نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس امن ‘ ہم آہنگی اور بلاکسی امتیاز کے تمام کی ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔