’ریوالور رانی‘ کے بھی کامیاب ہونے کی توقع : کنگنا راناوت

ممبئی ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ ایکٹریس کنگناراناوت کوئین کی کامیابی کے بعد بیحد مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو ’’رجو‘‘ پر بھی انہوں نے اپنی پوری توانائی جھونک دی تھی لیکن قطعی فیصلہ تو شائقین ہی کرتے ہیں۔ آج تک کوئی بھی صدفیصد اعتماد کے ساتھ کسی بھی فلم کے کامیاب ہونے کی گیارنٹی نہیں دے سکتا۔ یہ ہمارے مداح ہیں جو کسی بھی ہیرو کو زیرو اور زیرو کو ہیرو بنادیتے ہیں۔ کوئین کی کامیابی کا انہیں یقین تو تھا لیکن کامیابی توقعات سے بڑھ کر ثابت ہوئی۔ انہوں نے فلم میں اپنے ساتھی اداکار راجکمار راؤ کو ایک بہترین اداکار سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی وہ راؤ کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

کنگنا کی ایک اور فلم ریوالور رانی بھی ریلیز ہورہی ہے اور انہیں ہمیشہ کی طرح فلم کی کامیابی کی توقع ہے۔ اس فلم کیلئے انہوں نے ریوالور چلانے اور اسے انگلیوں پر گھمانے کی خصوصی تربیت حاصل کی۔ کنگنا نے کہا کہ تلگو زبان میں ’’ریوالور رانی‘‘ نام سے کئی فلمیں بن چکی ہیں جہاں ہیروئن کو ایکشن رول دیا گیا تھا۔ بہرحال، انہوں نے کہاکہ ان کی فلم روایتی کہانی سے بالکل الگ ہے۔ میں فلم کی تفصیل بتانا نہیں چاہتی ورنہ مداحوں کا تجسس ختم ہوجائے گا۔