لندن 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے اسٹار بلے باز کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ ان کی بیٹنگ تکنیک پر ہندوستان کے سابق کپتان راہولا ڈراویڈ نے دیرپا اثر چھوڑا ہے ۔ پیٹرسن کو اپنے طویل کیرئیر میں اکثر و بیشتر اپنے کوچس کے ساتھ مسئلہ درپیش رہا ہے جن سے کبھی ان کی ذہنی ہم آہنگی نہیں ہوسکی ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’’ حقیقی گرو ‘‘ کی ان کی تلاش دور ہندوستان میں پوری ہوئی ہے جہاں راہول ڈراویڈ نے ان کی تکنیک پر گہرا اثر چھوڑا ہے ۔ پیٹرسن نے اپنی بائیوگرافی ’’ KP ‘‘ میں جو گذشتہ ہفتے جاری کی گئی بارہا اس ای میل کا تذکرہ کیا جو راہول ڈرائیوڈ نے انہیں روانہ کیا تھا جس میں اسپنرس کا سامنا کرنے کی تکنیک بتائی گئی تھی اور پیٹرسن کے بموجب اس تکنیک نے ان کی بیٹنگ پر کافی اثر کیا ہے ۔ پیٹرسن نے اپنی کتاب میں تحریر کیا ہے کہ راہول ہندوستان کا ایک بہترین بلے باز ہے ۔ وہ اسپن بولرس کا مقابلہ کرنے کی بھی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہماری بات چیت
اور ای میلس ایک ’’ حقیقی گرو ‘‘ کے بہترین مشوروں پر مبنی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول نے میری کرکٹ بہتر بنائی ہے اور کھیل کے تعلق سے میری سوچ کو مثبت انداز میں بدلنے میں بھی انہوں نے کافی مدد کی ہے ۔ ان کی فراخدلی کو میں ہمیشہ یاد رکھونگا ۔ پیٹرسن نے جس ای میل کا تذکرہ کیا ہے اس میں ڈراویڈ نے پیٹرسن کو ’ چمپئن ‘ قرار دیا ہے اور کہا کہ پیٹرسن تم ایک اچھے بلے باز ہو ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ گیند کو آخری وقت تک دیکھتے رہو اور اپنے آپ میں یقین رکھو ۔ کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دو کہ تم اسپن کو کھیل نہیں سکتے ۔ میں نے تمہیں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور تم ایسا کرسکتے ہو۔ پیٹرسن نے اپنی کتاب میں تحریر کیا کہ اس ای میل کو انہوں نے کئی مرتبہ پڑھا ہے اور اس سے ان کے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اسپین گیند بازی کا سامنا کرنے میں اب ان کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ انہوں نے آئی پی ایل میں بھی وقت گذارا ہے ۔ خاص طور پر انہوں نے انگلینڈ میں چونکہ راہول ڈراویڈ سے بات چیت کی تھی جس سے انہوں نے اسپین کا سامنا کرنے کا طریقہ سکھایا ہے ۔
فیراری کی جانب سے
زخمی ڈرائیور بیانچی کو تہنیت
سوچی 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فیراری کی مکمل ٹیم کی جانب سے فارمولا ون کے ڈرائیور جولس بیانچی کو ایک حوصلہ افز اپیام دیا گیا ہے جو ایک حادثہ کے بعد زیر علاج ہیں۔ روسی گرانڈ پرسی کے آغاز سے عین قبل یہ پیام روانہ کیا گیا ہے جس میں ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا ۔