’جہاد بالنکاح‘ سے انکار، 150 خواتین کے سرقلم

بغداد۔ 17ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں وزارت برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ دہشت گرد تنظیم ’’دولت اسلامی داعش‘‘ کے ایک مقامی کمانڈرابوانس اللیبی نے فلوجہ میں جہاد بالنکاح سے انکار کرنے والی 150خواتین کے سرقلم کردیئے ہیں۔ مقتول خواتین میں بعض کم عمر جب کہ کئی حاملہ عورتیں بھی شامل ہیں۔ وزارت انسانی حقوق نے ایک بیان میں کہا کہ داعشی دہشت گرد نے اپنے ساتھی دہشت گردوں سے مل کر فلوجہ میں جنگجوئوں سے شادی سے انکار کرنے والی خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ قتل کی گئی خواتین کو الزغارید کی گولان کالونی اور الصقلاویہ میں دو اجتماعی قبروں میں دفن کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے فلوجہ کی جامع الحضرہ المحمدیہ مسجد کو ایک جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔ جہاں سیکڑوں مردو زن کویرغمال بنایا گیا ہے۔