’جن دھن یوجنا‘نئی بوتل میں پرانی شراب: چیف منسٹر بہار

پٹنہ ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار چیف منسٹر جیتن رام مانجھی جو گذشتہ روز پردھان منتری جن دھن یوجنا کے افتتاح کے موقع پر تقریب میں غیرحاضر تھے، نے آج کہاکہ نریندر مودی حکومت پرانی اسکیمات کو ازسرنو جاری کرتے ہوئے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پردھان منتری جن دھن یوجنا نئی بوتل میں پرانی شراب کے مماثل ہے۔ مسٹر مانجھی جو مذکورہ اسکیم کے آغاز کے موقع پر غیرحاضر تھے، ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ (وزیراعظم) پرانے اسکیمات جو کانگریس اور ہمارے دور میں بھی موجود جاری کئے گئے تھے، اسی کی تجدید کرتے ہوئے نریندر مودی عوامی توجہ اپنی جانب کھینچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ریاست میں نظم و نسق کے موضوع پر منعقدہ اجلاس کے بعد کہی۔ تاہم چیف منسٹر نے اس خیال کی تعریف کی جس کے تحت ملک کے تمام غریبوں کو بینک اکاونٹ فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔