’جذباتی‘ کوہلی کا طویل سفر باقی آفریدی کا تاثر

کراچی ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جوشیلے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ویراٹ کوہلی بطور لیڈر ’’بہت جذباتی‘‘ ہیں اور انھیں کچھ وقت لگے گا کہ کپتانی کا وہ خلا پُر کریں جو مہیندر سنگھ دھونی کے ٹسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر پیدا ہوا ہے۔ آفریدی نے کہا کہ وہ کوہلی کی کرکٹ صلاحیتوں کے بڑے معترف ہیں لیکن انھیں ایک کپتان کی حیثیت سے بہت بہتری لانی ہوگی۔ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں 6 جنوری کو شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹسٹ میں ہندوستان کی قیادت کریں گے۔ آفریدی نے کہا، ’’مجھے دھونی کے سبکدوشی فیصلہ کے بارے میں جان کر مایوسی ہوئی کیونکہ وہ جانباز کھلاڑی ہے اور انڈین کرکٹ کیلئے زبردست لیڈر ثابت ہوئے ہیں۔ انھوں نے اپنی ٹیم کیلئے کئی مرتبہ پیش پیش رہتے ہوئے قیادت کی ہے‘‘۔ آفریدی نے ایک ٹی وی چیانل کو بتایا کہ ’’دھونی نے انڈین کرکٹ کی شبیہہ بدلی ہے اور انھیں کامیابی کی بلندی تک پہنچایا اور اُن کی کپتانی کی کمی ہندوستانی ٹیم کو محسوس ہوگی۔ انھوں نے ہندوستانیوں کی تمام فارمٹس میں عمدہ قیادت کی ہے‘‘۔ اتفاق سے دھونی کی کپتانی میں ہی ہندوستان نے آفریدی زیرقیادت پاکستان کو 2011ء ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی اور پھر ہندوستان نے خطاب بھی جیتا۔