پٹنہ ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے عہدہ پر 30 دنوں کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے جے ڈی (یو) لیڈر نتیش کمار نے آج کہا کہ اگرچہ یہ مختصر مدت ہے لیکن جو کچھ بھی ابھی تک کیا گیا، اس سے ملک میں اچھے دنوں کی آمد کی عکاسی نہیں ہوتی ہے۔ ’’تیس یوم بہت کم مدت ہے کہ کسی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے … عوام کو اُن سے اونچی توقعات ہیں… لیکن ابھی تک جو کچھ بھی کام ہوا ہے ایسا نہیں لگتا ہے کہ اچھے دن آچکے ہیں جن کا لوک سبھا چناؤ کے دوران ووٹروں سے وعدہ کیا گیا،‘‘ نتیش جن کی مودی کے ساتھ رقابت معروف امر ہے، انھوں نے یہ بات کہی۔ اگرچہ نتیش نے نریندر مودی کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی تھی، لیکن وہ وقفے وقفے سے اُن پر اور بی جے پی پر طنزیہ ریمارکس کرتے رہے ہیں۔ نتیش نے بہار میں لوک سبھا چناؤ میں پارٹی کی بری طرح ناکامی کے بعد وزارت اعلیٰ سے سبکدوشی اختیارکرلی۔