حیدرآباد ۔ /20 جون (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے محمد راشد علی کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ 57 سالہ محمد راشد علی ساکن اکبر ہلز عطاپور نے سید انیس حیدر رضوی اور ہریش کمار رانے سے 91 لاکھ کا قرض حاصل کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ اس کی جائیدادوں کو محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ضبط کرلیا گیا ہے اور انہیں حاصل کرنے کیلئے اسے رقومات کی ضرورت ہے ۔ حیدر رضوی اور ہریش رانے نے راشد علی کو لاکھوں روپئے کا قرض دیا اور وہ اسے لوٹانے سے قاصر رہا ۔ انہوں نے کہا کہ راشد علی نے محکمہ انکم ٹیکس کے جعلی دستاویزات بتائے اور اس کی بنیاد پر دھوکہ دہی کے ذریعہ مذکورہ دو افراد سے قرض حاصل کیا اور اس نے لوٹانے سے انکار کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2007 ء میں بھی راشد علی کو سی سی ایس پولیس نے امریکی ویزا اور بردہ فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔