گنٹور ( اے پی ) 4 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع میں ڈاچے پلی گاوں میں ایک 9 سالہ لڑکی کے جنسی استحصال کے ملزم ایک 55 سالہ شخص کی نعش آج یہاں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر این چنا راجپا نے یہ بات بتائی ۔ وزیر مصوف نے آج دوپہر ڈاچے پلی کا دورہ کیا اور لڑکی کے افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ 55 سالہ شخص اے سبیا کی نعش جھاڑ سے لٹکی ہوئی پائی گئی ہے اور یہ شخص لڑکی کے جنسی استحصال کے معاملہ کا ملزم تھا ۔ سبیا نے لڑکی کو چاکلیٹ دینے کا لالچ دیتے ہوئے اس کا جنسی استحصال کیا تھا ۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں۔ یہ شخص اس گھناؤنے جرم کے بعد سے مفرور بتایا گیا تھا ۔ لڑکی کے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپئے معاوضہ دیا گیا ہے ۔