۔7سالہ کشمیری لڑکی تجمل کو ورلڈ چمپئن شپ میں شرکت کا اعزاز

بنڈی پورہ ( جموں و کشمیر) ۔28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)  کشمیری 7سالہ ننھی لڑکی تجمل اسلام کا تعلق جنوبی کشمیر کے گاؤں سے ہے جو کہ قومی سطح پر کک باکسنگ کی چمپئن ہے لیکن اس باصلاحیت باکسر نے اٹلی میں منعقد شدنی بین الاقوامی ایونٹ میں رسائی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے ایک اعزاز حاصل کیا ہے ۔ تجمل کو قومی سطح پر اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے 2015ء نیشنل کک باکسنگ کے سب جونیئر زمرہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور یہ چمپئن شپ نئی دہلی کے تال کٹرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے تھے ۔ قومی سطح پر شاندار کارنامے انجام دینے کے باعث انہیں اب ورلڈ چمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے اور یہ عالمی مقابلے رواں برس نومبر میں اٹلی کے مقام اینڈریا میں منعقد ہوں گے ۔ تجمل نے اس اعزاز کے حصول کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ اب میں اٹلی جاؤں گی ۔ دہلی میں جب میں نے کامیابی حاصل کی تھی تو میری والدہ میرے ساتھ تھی جنہوں نے کہا تھا کہ تم نے اپنے حریف کو ناک آؤٹ کیا ہے اور مستقبل میں تمہیں اور فتوحات حاصل ہوں گی نیز  میں نے جب والد سے فون پر کامیابی کی بات کی تھی تو انہوں نے گھر پہنچنے پر دعوت کی بات کہی تھی اور جب میں گھر پہنچی تو مجھے اپنی پسندیدہ بریانی دی گئی تھی ۔ تجمل کا تعلق بنڈی پورہ کے گاؤں ترک پورہ سے تعلق ہے جو کہ سرینگر سے 65 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہے ۔ بنڈی پورہ کے اسکول آرمی گُڈ ویل اسکول میں تجمل کی شناخت ایک چمپئن کھلاڑی کی ہے ۔ تجمل نہ صرف کک باکسنگ میں بلکہ ووشو اور ٹائیکونڈو میں بھی وہ چمپئن ہیں ۔ تجمل کی کامیابی کا سفر 2014ء میں اُس وقت شروع ہوا جب بہ مقامی اکیڈیمی میں داخلہ لیا جہاں نوجوان بچے اور بچیوں کو مارشل آرٹ کی ٹریننگ دی جاتی ہے ۔