جے پور،12 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان اسمبلی انتخابات میں اس مرتبہ بر سر اقتدا ربی جے پی سرحدی ضلع جیسلمیر سمیت 6 اضلاع میں کوئی بھی جیت درج کرنے میں ناکام رہی۔ انتخابی نتائج کے مطابق ضلع جیسلمیر کی دونوں سیٹیں جیسلمیر اور پوکرن پر کانگریس کا قبضہ ہو چکاہے ۔ اسی طرح ضلع دوسہ کی 5 سیٹوں میں سے باندیکوئی، دوسہ، لالسوٹ اور سکرائے چار پر کانگریس اور مہوا اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ضلع سوائی مادھور کے 4 اسمبلی حلقوں پر بھی بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھلا اور ضلع کی بامنواس، کھنڈار اور سوائی مادھور سے کانگریس جبکہ گنگا پور سے آزاد امیدوار نے جیت درج کی۔ضلع بھرت پو ر کے 7 اسمبلی حلقوں میں بھی بی جے پی کا کوئی امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔ ضلع کی بنایہ، ڈیگ کمہیر، کاماں اور وَیر سیٹوں پر کانگریس،ضلع کی ندبئی اور نگر سیٹ پر بی ایس پی اوربھرت پور سیٹ پر کانگریس کی اتحادی راشٹریہ لوک دل کی جیت ہوئی ہے ۔ضلع سیکر میں بھی بی جے پی کا کھاتہ تک نہیں کھلا اور ضلع کی 8 سیٹو ں میں 7، دانتارام گڑھ، دھود، فتح پور، لکشمن گڑھ، نیم کاتھانا، سیکر اور شریمادھوپور سے کانگریس کے امیدوار جبکہ کھنڈیلا سے آزاد امیدوار نے بازی ماری۔ اس کے علاوہ ضلع کرولی کی 4 سیٹوں ہنڈون، سپوٹرا اور ٹوڈا بھیم پر کانگریس جبکہ کرولی میں بی ایس پی فتحیاب ہوئی ہے ۔