قطر سے ناخوشگوار تعلقات سب سے بڑی رکاوٹ ‘ یمن میں بھی انتشار سے مشکلات
منامہ،28اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) بحرین نے کہا ہے کہ آئندہ برس 6 خلیجی ممالک اور مصر پر مشتمل عرب ناٹو تشکیل دے دی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد الخلیفہ نے کہا ہے کہ 6 خلیجی ممالک نے خطہ کے تحفظ کے لیے عرب ناٹو بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے جسے آئندہ برس تک تشکیل دے دیا جائے گا۔ عرب ناٹو میں خلیجی ممالک بحرین، کویت،عمان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہوں گے ۔بحرین کے وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ عرب ناٹو میں مصر کی شمولیت بھی متوقع ہے اس طرح یہ سات ممالک پر مشتمل ایک سیکورٹی فورس ہوگی۔ عرب ناٹو کے قیام کا فیصلہ مشرق وسطیٰ سے متعلق حکمت عملی وضع کرنے والے اتحاد(ایم ای ایس) کی تجویز پر کیا گیا۔عرب ناٹو کے قیام کی تجویز میں سب سے بڑی رکاوٹ قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے درمیان ناخوشگوار تعلقات ہیں۔ علاوہ ازیں یمن میں جاری خلفشار کے باعث بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ گزشتہ برس خلیجی ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کر کے سفارتی تعلقات ختم کردیئے تھے ۔واضح رہے کہ مڈل ایسٹ اسٹرِٹیجک الائنس(ایم ای ایس اے ) کا قیام خطہ میں ایران کے اثرو رسوخ کو کم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ اس الائنس کو امریکہ کی حمایت حاصل رہی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس جولائی میں اس الائنس کو عرب نیٹو کا نام دیا تھا۔