۔50 ویں ٹسٹ میں پجارا کی سنچری، ہندوستان 344/3

کولمبو 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مڈل آرڈر بیٹسمین چیتیشور پجارا نے اپنے کیرئیر کے پچاس ویں ٹسٹ کو ناقابل تسخیر سنچری کے ساتھ یادگار بنادیا ہے اور ٹاس جیت کر یہاں سری لنکا کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ پجارا جوکہ آج اپنے کیرئیر کا پچاس واں ٹسٹ کھیل رہے تھے، انھوں نے ناقابل تسخیر 128 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹسٹ میں اپنی تیرہویں سنچری اسکور کرلی ہے۔ پجارا کے ہمراہ اجنکیا راہنے نے بھی ناقابل تسخیر 103 رنز اسکور کرتے ہوئے کیرئیر کی نویں سنچری اسکور کرلی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے غیر مفتوح 211 رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے۔ سری لنکائی بولروں کو دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن بھی پہلا مایوس کن دن برداشت کرنا پڑا۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپنر کے ایل راہول اور ان کے ساتھی کھلاڑی شکھر دھون کو ابتدائی لمحات میں کچھ مواقع ملے لیکن دونوں ہی اوپنرس کوئی بڑا اسکور نہیں بنا پائے۔ ہندوستان کو پہلا نقصان 56 رنز کے مجموعی اسکور پر اُس وقت برداشت کرنا پڑا جب گزشتہ ٹسٹ میں اپنے کیرئیر کی سب سے بہترین اننگز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون 37گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 35 رنز بناکر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ راہول نے 82 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کرتے ہوئے راہول ڈراویڈ کا ریکارڈ برابر کردیا کیوں کہ وہ متواتر چھٹی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی اننگز کا تیزی کے ساتھ آغاز کیا تھا کیوں کہ 10 اوورس میں ہی ٹیم نے 56 رنز بنائے تھے لیکن 109 پر کے ایل راہول اور 133 پر کوہلی کی وکٹ نے سری لنکا کو مقابلے میں واپسی کا ایک موقع فراہم کیا کیوں کہ کوہلی 29 گیندوں میں دو چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 13 رنز اسکور کرپائے جنھیں سلپ میں ہیراتھ کی گیند پر میتھیوز نے ایک شاندار کیچ پکڑتے ہوئے حریف کپتان کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پجارا نے متواتر دوسری سنچری کے ذریعہ اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ہیں۔ اِس سے قبل اِن کی پانچ اننگز میں اسکور 17 ، 92 ، 202 ، 57 اور 153 رنز رہا۔ پجارا ایسے ساتویں ہندوستانی بیٹسمین بنے جنھوں نے 50 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی۔ اِس سے قبل ویراٹ کوہلی اور وی وی ایس لکشمن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
سری لنکا کے مقابلے نہیں دیکھتا ہوں:رانا تنگا
کولمبو ۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کو 1996میں کرکٹ ورلڈ چیمپئن بنانے والے کپتان ارجنا راناتنگا موجودہ ٹیم سے بہت مایوس نظر آتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اب ٹیم کو کھیلتے دیکھنا چھوڑ چکے ہیں، اس کی وجہ ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی اور مجموعی طور پر سری لنکائی کرکٹ کے ابتر حالات ہیں۔ سری لنکا کی ٹیم اس وقت ہندوستان کے ساتھ تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے جس میں سے پہلا ٹسٹ وہ بھاری فرق سے ہارچکی ہے۔52 سالہ سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹر اور کرکٹ منتظمین کامیابی کے بجائے اپنی کمائی اور غیر ملکی دورں کیلئے زیادہ فکر مند رہتے ہیں۔ ایسے میں مجھے بہتری کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان دنوں انگلینڈ جنوبی افریقہ کی سیریز سے زیادہ لطف اندوز ہورہا ہوں۔